پاکستان کے مختلف شہروں میں 6.4 شدت کا زلزلہ

اسلام آباد: پاکستان کے مختلف شہروں میں شدید زلزلہ محسوس کیا گیا ہے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ساتھ ساتھ راولپنڈی، لاہور، پشاور، گلگت بلتستان، مانسہرہ، بٹ گرام، مری، چنیوٹ، چارسدہ، ہنگو، ایبٹ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گردونواح میں بھی شدید زلزلہ محسوس کیا گیا۔ زلزلہ محسوس ہوتے ہی لوگ خوف و ہراس میں عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق زلزلے کی گہرائی 210 کلومیٹر تھی۔ امریکی جیولوجکل سروے (یو ایس جی ایس) نے زلزلے کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز افغانستان سمیت کوہ ہندوکش ریجن تھا۔ جبکہ چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر کے مطابق کوہ ہندوکش ریجن میں 6.4 شدت کا زلزلہ آیا جس کا مرکز افغانستان میں تھا۔

دوسری طرف پاکستان ڈیزاسٹر مینجمٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں