اسلام آباد: چیف جسٹس گلزار احمد اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد بطورچیف جسٹس پاکستان پیر سے مقدمات کی سماعت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس گلزار احمد نے آج صبح بطور چیف جسٹس اپنے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب ایوان صدر میں منعقد کی گئی۔ جس میں اعلی سیاسی و عسکری شخصیات نے شرکت کی۔
دوسری طرف سپریم کورٹ کی جانب سے اگلے ہفتے کی کازلسٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق نئے چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ چیف سیکرٹری پنجاب کے کیس کی سماعت کرے گا۔ جسٹس سید منصور علی شاہ بھی اس بینچ کا حصہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ 23 دسمبر سے سپریم کورٹ میں سردیوں کی چھٹیاں شروع ہو رہی ہیں۔