پاک بحریہ کے جہاز جنوبی افریقہ پہنچ گئے


کراچی: پاک بحریہ کے دو جہاز بحری سفارتکاری کے مشن پر مختلف ممالک کا دورہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ پہنچ گئے ہیں۔ مشن کمانڈر نے میزبان حکام سے اہم ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور بشمول بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحری سفارتکاری کے مشن پر پاک بحریہ کے دو جہاز مختلف ممالک کا دورہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی بندرگاہ پہنچے ہیں جہاں دونوں جہازوں معاون اور اصلت کا پُرتپاک اور شاندار استقبال کیا گیا۔ باہمی باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ جنوبی افریقن حکام کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کی متنازع حیثیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ مشن کمانڈر نے امیرالبحر کا جنوبی افریقن عوام بالخصوص میزبان بحریہ کیلئے خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔ جنوبی افریقہ کے حکام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور خطے میں سمندری تحفظ کیلئے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کے جہاز پر منعقدہ عشایئے میں میزبان بحریہ کے اعلیٰ حکام، سفارتی اور مقامی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دورے کا مقصد پاکستان کے مثبت امیج کا فروغ اور بحری افواج کے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.