بھارتی فوج کے اندر پیشہ وارانہ منصوبہ بندی کا فقدان ہے: سابق ائیر چیف سہیل امان


اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سابق چیف سہیل امان نے کہا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے پاس نہ تو پیشہ ورانہ سطح کی منصوبہ بندی ہے اور نہ ہی ان کی ہوابازی کی تربیت معیاری ہے۔
تفصیلات کےمطابق پاکستانی فضائیہ کے سابق سربراہ ائیر چیف مارشل (ر) سہیل امان نے   پاکستان انسٹی ٹیوٹ برائے کانفلکٹ اینڈ  سیکیورٹی اسٹڈیز کی گول میز کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فضائیہ کو ہوا بازی کی معیاری تربیت میسر نہیں۔ ان کے مطابق پاکستانی فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے روسی ساختہ ایس یو 30 لڑاکا طیارے کو لائن آف کنٹرول عبور کیے بغیر کنٹرول ایریا سے 25 میل کے فاصلے سے مار گرایا تھا۔ سابق ائیر چیف کا کہنا تھا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے، لیکن ہمیں کسی بھی قسم کی جارحیت کے لئے تیار رہنا ہوگا۔
سابق چیف آف ائیر سٹاف کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے پائلٹ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور انہوں نے 27 فروری کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا۔ پاک فضائیہ کے لئے اس طرح کی کاروائیاں معمول بن چکی ہیں۔
یاد رہے کہ پاک فضائیہ نے 27 فروری کو بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے تھے اور بھارتی فضائیہ کے ایک پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو جنگی قیدی بنا لیا تھا۔
سابق ائیر چیف سہیل امان نے مزید کہا کہ ہندوستانی افواج میں آپس میں پیشہ ورانہ رابطے کا بھی فقدان ہے۔ 27 فروری کو پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کے دوران بھارتی فوج نے بوکھلاہٹ میں اپنے ہی ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر کو گرا دیا تھا ۔ اس کے مقابلے میں، پاکستان کی افواج کے درمیان ہم آہنگی میں بہتری آئی ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اسرائیلی پائلٹ بالاکوٹ آپریشن میں ملوث ہیں اور کیا کسی اسرائیلی پائلٹ کو 27 فروری کے معرکے میں گرفتار کیا گیا ہے، سابق ائیر چیف نے کوئی براہ راست جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیلی پائلٹ بھارت کے ساتھ شامل ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ان کا آپریشن اور پیشہ ورانہ صلاحیت بھی مضحکہ خیز ہے۔
ائیر چیف مارشل(ر) سہیل امان مارچ 2015 سے مارچ 2018 تک پاکستان فضائیہ کے سربراہ رہے ہیں۔ حال ہی میں بھارتی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل بیرندر سنگھ دھنوا نے کہا تھا کہ بھارتی فضائیہ بالاکوٹ طرز کے حملے کے لیے تیار ہے۔ یاد رہے کہ اس سال 26 فروری کو بھارتی فضائیہ نے بالا کوٹ میں ایک ناکام فضائی حملہ کیا تھا۔ بھارتی فضائیہ کے جہاز اجلت میں اپنے پے لوڈ پھینک کر بھاگ گئ تھی. بھارتی فضائیہ کےدعوے کے مطابق فضائی حملے میں ایک دہشت گرد کیمپ کو نشانہ بنایا گیا لیکن حقیقت میں چند درختوں کو نقصان پہنچا تھا۔ بعد ازاں غیر ملکی سفرا نے ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے ہمراہ بالاکوٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں بھارتی حملے کی جگہ دکھائی گئی۔


اپنا تبصرہ بھیجیں