کسی سزا یافتہ شخص کو باہر جانے کی اجازت نہیں دیں گے: بابر اعوان

اسلام آباد: رہنما تحریک انصاف بابر اعوان نے کہا ہے کہ حکومت  کسی  سزا  یافتہ  شخص کو  باہر جانے کی اجازت نہیں دے گی۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی اور سابق وزیر قانون بابر اعوان نے کہا کہ حکومت  کسی  سزا  یافتہ  شخص کو  باہر جانے کی اجازت نہیں دے گی۔ مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینا قانون کی بالادستی ہے۔ جتنے بھی بیمار تھے لندن جا کر صحت یاب ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اداروں کے تصادم کے بارے میں کسی کو سوچنا بھی نہیں چاہیے۔ جب تک ادارے خود مختار اور مضبوط نہ ہوں، ریاست نہیں چل سکتی۔ پرویز  مشرف کیس میں  حکومت  آئینی اور قانونی راستہ اختیار کرے گی۔

بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ بھارت کی رکنیت معطل کرے۔ مودی سرکار مسلم اقلیت کی نسل کشی کرنا چاہتی ہے۔ نریندر مودی نے کشمیر پر لاک ڈاون کے ذریعے حملہ کیا۔ اس کا حملہ بھارت کے طول و عرض میں پھیل چکا ہے۔ بھارت کا فالس فلیگ کا ڈرامہ پھر ناکام ہوا۔ بھارت جب بھی پاکستان کی جانب دیکھے گا منہ کی کھانی پڑے گی۔

یاد رہے کہ آج لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس میں لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو حکم دیا کہ وہ کمیٹی کے فیصلے سے مریم نواز کو آگاہ کرے۔ جبکہ حکومت کی طرف سے موقف اپنایا گیا کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کی بابت کل یعنی منگل کو فیصلہ کرے گی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment