نیب نے احسن اقبال کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد: نیب راولپنڈی نے سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو نارووال سپورٹس سٹی کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔ نیب کے جاری کردہ بیان کے مطابق نیب کے پاس احسن اقبال کے خلاف کرپشن سے متعلق اہم ثبوت موجود ہیں۔

یاد رہے کہ احسن اقبال کو نارووال سپورٹس سٹی منصوبے کی تحقیقات میں نئے شواہد سامنے  آنے پر گزشتہ روز طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

نیب نے نارووال سپورٹس کمپلیکس مبینہ کرپشن کیس میں مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو گرفتار کرلیا۔ احسن اقبال طلبی پر آج نیب راولپنڈی کے دفتر پہنچے تھے. نیب ترجمان کے مطابق احسن اقبال کو  کل متعلقہ احتساب عدالت میں پیش کردیا جائے گا.

احسن اقبال نے اپنی گرفتاری سے قبل ہونے والی میڈیا ٹالک میں حکومت اور وزیر اعظم عمران خان پر کڑی تنقید کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ایک چیز پر قابو ہے اور وہ یہ ہے کہ حکومتی اداروں کو استعمال کریں اور ان کی ناکامی پر اٹھنے والی ہر آواز کو خاموش کروا دیں۔ عمران نیازی مسلم لیگ ن آپ کی دھمکیوں سے نہ جھکے گی نہ خاموش ہو گی۔ یہ ملک ہمارا اور 22 کروڑ عوام کا ہے۔ اس ملک کو آپ کی نالائقی، نا تجربہ کاری اور آپ کی تباہی سے آزاد کروائیں گے۔ اس کے لیے چاہے ہمیں کتنی قیمت ادا کرنی پڑے۔

مزید پڑھیں: نیب راولپنڈی نے احسن اقبال کو کل طلب کر لیا

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وہ چمچے جو کہتے تھے کہ عمران خان آئے گا تو 200 ارب ڈالر لائے گا۔ کدھر ہیں وہ ڈالر۔ یہ 2 ارب ڈالر بھی نہیں دکھا سکتے۔ قوم کے ساتھ جھوٹ بولا گیا۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی انکوائری کیوں نہیں ہوتی؟ شفاف ٹرائل کیوں نہیں ہوتا۔ میں یہاں کھڑا ہو کر نیب سے مطالبہ کرتا ہوں کہ نارووال سپورٹس سٹی کا مقدمہ میڈیا کے سامنے چلائیں۔ میں یہ نہیں کہتا کہ میرے مقدمے کی کاروائی خفیہ رکھیں۔ مجھے سے جو سوال جواب کرنا ہے وہ کیمروں کے سامنے کریں تاکہ پاکستان کے عوام کو پتہ چلے کہ میرے خلاف لگنے والے الزامات کی حقیقت کیا ہے؟ خدارا اس ملک میں میڈیا ٹرائل بند کر دیں۔ یہ حکومت نیب کا نام اپنے ایجنڈے کے لئے استعمال کر رہی ہے۔ یہ حکومت نیب کا نام استعمال کر کے مخالفین کی کردار کشی کر رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ یوں لگتا ہے کہ ملک کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت انتشار کے راستے پر عمران نیازی کی قیادت میں ڈال دیا گیا ہے۔

نارووال سپورٹس پراجیکٹ

نارووال سپورٹس سٹی 44ایکڑ زمین پر قائم کیا گیا ہے جس کا افتتاح سابق صدر ممنون حسین نے کیا تھا۔اس پراجیکٹ پر تقریباً 6 ارب روپے لاگت آئی تھی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment