اسلام آباد میں یوکلپٹس درخت الرجی کا باعث بننے لگے


اسلام آباد: اسلام آباد میں پیپر میلبری اور یوکلپٹس درخت الرجی کا باعث بن رہے ہیں، جس کی وجہ سے اسلام آباد کے 15 فیصد عوام الرجی کا شکار ہیں۔ اس بات کا انکشاف پاکستان سائنس فاونڈیشن کے حکام نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کمیٹی میں کیا۔

تفصیلات کےمطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا اجلاس چیئرمین ساجد مہدی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں پاکستان سائنس فاونڈیشن کے حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں لگائے گئے درخت ماحول دوست کم اور نقصان دہ زیادہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خوبصورتی کے لیے لگائے گئے درختوں کے اثرات کا جائزہ نہیں لیا گیا۔ اسلام آباد میں سائنسدانوں کے مشورے کے بغیر درخت اگائے گئے۔ ان درختوں کے نقصان دہ اثرات پچاس سال بعد ظاہر ہو رہے ہیں۔ سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ تعاون نہیں کرتے۔ اسلام آباد میں مختلف پودے اور درخت الرجی کا باعث ہیں۔ حکام نے بتایا کہ اسلام آباد میں الرجی سے 15 فیصد لوگ متاثر ہیں جب کہ پھولوں کی بھی کئی نسلیں الرجی کی بیماری بڑھانے کا باعث بن رہی ہیں۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.