بلاول بھٹو زرداری نیب کے سامنے پیش ہونے کیلئے تیار ہو گئے: ترجمان نیب


اسلام آباد: ترجمان نیب نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔

ترجمان نیب کے جاری کردہ بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اپنے وکیل کے ذریعہ نیب راولپنڈی کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے درخواست کی ہے کہ وہ 15 جنوری کے بعد نیب کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیار ہیں۔

ترجمان نیب نے کہا کہ پاکستان کی ایک پارٹی کے چیئرمین نے نیب کے لیے نازیبا الفاظ  کیے، تاہم نازیبا الفاظ اور دھمکی نیب کو اس کے قانونی عمل سے نہیں روک سکتی۔ نیب کرپشن کے خاتمے کے لیے کام کرنے والا ادارہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تحقیقات میں متعلقہ کسی بھی شخص کا بیان ریکارڈ کیا جاتا ہے تاکہ قانونی حق سے محروم نہ کیا جائے۔

مزید پڑھیں: جعلی اکاونٹس کیس: بلاول بھٹو کو طلب کر لیا گیا

یاد رہے کہ نیب نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو 24 دسمبر کو طلب کر رکھا تھا لیکن گزشتہ روز (23 دسمبر) کو بلاول بھٹو نے کراچی میں پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی طرف سے انہیں بے قصور قرار دینے کے باوجود انہیں بلایا جا رہا ہے۔ وہ گرفتاری سے نہیں ڈرتے اور اگر نیب میں ہمت ہے تو وہ انہیں گرفتار کر لے۔ بلاول بھٹو نےتنبیہہ کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ اگر انہیں گرفتار کیا گیا تو وہ مزید خطرناک ہو جائیں گے۔ بلاول بھٹو اس پریس کانفرنس میں حکومت کی جانب سے بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت نہ ملنے پر برہم نظر آئے۔

بلاول بھٹو نے اپنی پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کی مذمت بھی کی تھی اور نیب کے خلاف انتہائی  سخت لہجہ اختیار کیا تھا۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.