پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں دھند کا راج

لاہور: پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے۔ دھند کی وجہ سے موٹر وے اور ہائی وے پر ٹریفک کی روانی میں مشکلات ہیں جبکہ ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

پنجاب کے اکثر و بیشتر علاقے دھند کی زد میں ہیں جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ کئی مقامات پر حد نگاہ صفر رہی۔ ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہور سے سمندری اور گوجرہ سے پنڈی بھٹیاں تک حد نگاہ بہتر ہونے کی وجہ سے موٹروے کو کھول دیا گیا۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور میں دھند کی وجہ سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ آج موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے، آئندہ ہفتے میں درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

سکھیکی میں موٹر وے پر دھند کے باعث کار بے قابو ہو کر الٹ گئی جس سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ بھکر میں جھنگ روڈ سدھو اڈا پر ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔ سائبیرین ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں شدید دھند چھائی رہے گی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں