ملک میں خون جما دینے والی سردی کی نئی لہر داخل

اسلام آباد: راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک میں شدید سردی کی لہرداخل ہو گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کا درجہ حرارت نقطہ انجماد پرپہنچ گیا جبکہ راولپنڈی اور مضافات میں شدید دھند اور کہر کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح جڑواں شہروں میں شدید دھند چھائی رہی جبکہ دن کو درجہ حرارت بھی کم ہو گیا۔ گزشتہ روز اسکردو کا درجہ حرارت منفی 16 ڈگری سنٹی گریڈ سے بھی نیچے گر گیا۔ سائبیرین ہواوں کے باعث 28 تا 29 دسمبر تک ملک میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

سورج گرہن کے باعث آج جمعرات کو درجہ حرارت میں مزید کمی ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور بالائی سندھ کےبیشتر میدانی علاقوں جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ گزشتہ روز استور میں درجہ حرارت منفی 11، قلات، بگروٹ، کالام میں منفی 07، پاراچنار، کوئٹہ میں منفی 05، گلگت میں منفی 04، دیر، بنوں اور میرکھانی میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ روز صوبہ کے میدانی اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، سیالکوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ، روہڑی اور جیکب آباد کے بعض علاقوں سے شدید دھند پڑنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment