دنیا بھر میں آج ‘رنگ آف فائر’ دیکھا جائے گا

کراچی: دنیا کے مختلف حصوں سمیت پاکستان میں رواں سال کا آخری سورج کو گرہن لگنا شروع ہو گیا ہے جسے ‘رنگ آف فائر’ کا نام دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں 8 بجکر 37 منٹ پر سورج کو مکمل گرہن لگے گا جو دوپہر 1 بجکر 6 منٹ پر ختم ہوگا۔ پاکستان میٹرو لوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے مطابق یہ سورج گرہن پاکستان میں 20 سال پہلے 1999 میں جزوی طور پر دیکھا گیا تھا۔

اس سال کے آخری سورج گرہن کو ‘رنگ آف فائر’ کا نام دیا گیا ہے۔ سورج کو گرہن لگنے پر یہ چاند کی وجہ سے مکمل طور پر ڈھک جائے گا اور سورج کے صرف کنارے ہی نظر آئیں گے۔

سورج کا 80 فیصد سے زائد حصہ تاریکی میں ڈوبنے کے باعث دن میں اندھیرا چھا جائے گا۔ پاکستان کے تمام جنوبی علاقوں میں 20 سال بعد مکمل سورج گرہن دیکھا جاسکے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس دوران سورج کو براہ راست نہ دیکھیں اس سے ان کی بینائی متاثر ہو سکتی ہے۔

جامعہ کراچی کےانسٹی ٹیوٹ آف اسپیس اینڈ پلینٹری اسٹروفزکس (اسپا)کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ سورج گرہن تین طرح کے ہوتے ہیں پہلی قسم میں مکمل سورج گرہن ہوتا ہے جب چاند ،سورج اور زمین ایک لائن پر آجاتے ہیں اور مکمل سورج گرہن ہوتا ہے۔

دوسرا جزوی ہوتا ہے جس میں ایک حصہ نظر نہیں آتا جبکہ تیسری قسم میں جب چاند کا ظاہری قطر سورج کی نسبت چھوٹا ہوتا ہے جو سورج کی روشنی کو روکتا ہے اور سورج درمیان میں سے تاریک ہو جاتا ہے جبکہ اوپری حصہ رنگ کی طرح روشن رہتا ہے جسے اینولر سورج گرہن کہا جاتا ہے۔

یاد رہے اس سے قبل پاکستان میں مکمل سورج گرہن گیارہ اگست 1999ء کو ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment