رانا ثنا اللہ تفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد ضمانت پر رہا

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ تفصیلی فیصلے میں رانا ثنا اللہ ضمانت کی وجوہات کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت کا فیصلہ 9 صفحات پر مشتمل ہے جسے جسٹس چوہدری مشتاق احمد نے جاری کیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ رانا ثنا اللہ کا جسمانی ریمانڈ نہ لینا منشیات برآمدگی کا الزام ثابت نہیں کرتا۔ استغاثہ نے شریک ملزموں کی ضمانت بھی ہائیکورٹ میں چیلنج نہیں کی۔ ملزم کا تعلق اپوزیشن سے ہے اور وہ حکومت کے ناقد رہے ہیں۔ کیس کے اس مرحلے پر وہ ضمانت کے حق دار ہیں۔

مزید پڑھیں: منشیات کیس: رانا ثنااللہ کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

تحریری فیصلے میں مزید لکھا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ کے شریک ملزم کی ٹرائل کورٹ میں ضمانت ہو چکی ہے۔ استغاثہ نے شریک ملزموں کی ضمانت منظوری کو ہائیکورٹ میں چیلنج نہیں کیا۔ فیصلے میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ پر 15 کلو ہیروئن رکھنے کا مقدمہ بنایا گیا لیکن ان کا جسمانی ریمانڈ ہی نہیں لیا گیا۔ ملزم کی 10، 10 لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: رانا ثناء اللہ ابھی بھی ملزم ہیں: شہریار آفریدی

واضح رہے ٹرائل کورٹ کے ججز کی چھٹیوں کی وجہ سے رانا ثنا اللہ نے ضمانتی مچلکے ہائیکورٹ میں جمع کرانے کی درخواست دائرکردی۔ اگرچہ قانوناً ضمانتی مچلکے اس عدالت میں جمع کرانا پڑتے ہیں جہاں مرکزی مقدمہ چل رہا ہو۔ لیکن بعدازاں جسٹس مشتاق نے مچلکے لاہور ہائیکورٹ میں ہی جمع کرانے کی اجازت دے دی۔

رانا ثنااللہ کو رہائی کا پروانہ مل گیا

انسداد منشیات کورٹ لاہور میں مچلکے جمع ہونے کے بعد ڈپٹی رجسٹرا جوڈیشل کی جانب سے  رانا ثنا اللہ کے روبکار جاری ہونےکے بعد انہیں رہائی کا پروانہ مل گیا۔  رانا ثناءاللہ کے وکیل نے لاہور ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دی تھی کہ انسدادِ منشیات عدالت کے دونوں ٹرائل جج رخصت پر چلے گئے ہیں جس کے باعث ن لیگی رہنما کے ضمانتی مچلکے جمع نہیں ہو پا رہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ مچلکے کسی اور جج کے پاس  جمع  کرانے کی اجازت دی جائے۔ ایڈیشنل رجسٹرار نے اس درخواست کو جسٹس چوہدری مشتاق احمد  کو بھجوا دیا ہے۔

  خیال رہے کہ دو روز قبل لاہورہائیکورٹ نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی ضمانت منظور کی تھی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment