راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ؛ ٹریفک پلان جاری

راولپنڈی: راولپنڈی میں 27 دسمبر کو لیاقت باغ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسہ کے موقع پر شہریوں کی سہولت کے لئے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق جلسے کے پیش نظر ٹریفک پولیس راولپنڈی کے کل 207 افسران و اہلکار خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ جلسے میں شریک ہونے والے عوام الناس کی سیکیورٹی کے پیش نظر ٹریفک کو بوقت ضرورت مختلف پوئنٹس سے متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ شہری ٹریفک پلان سے متعلق معلومات اور رہنمائی کے سلسلے میں ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 0519272616 رابطہ کر سکتے ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس راولپنڈی کے مطابق بوجہ سیکیورٹی لیاقت روڈ کو (لیاقت باغ چوک تا ڈی اے وی کالج چوک) تک ٹریفک کے لئے بند رکھا جائے گا۔ مری روڈ مریڑ چوک سے کمیٹی چوک تک اسلام آباد جانے والی سائیڈ ٹریفک کیلئے بند رہے گی۔ کمیٹی چوک سے موتی محل ٹرن تک جانب مریڑ ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔

صدر سے جانب مری روڈ جانے والی ٹریفک کو مریڑ چوک سے جانب کچہری چوک ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ فوارہ چوک سے جانب لیاقت باغ جانے والی ٹریفک کو سی اے وی کالج چوک سے جانب صدر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ ریالٹو انڈر پاس کے نیچے سے بھی جانب لیاقت باغ ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

امام بارگاہ چوک سے اکبر انٹرنیشنل گول چکر جانے والی ٹریفک کو نیا محلہ چوک اور کمیٹی چوک کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ اسلام آباد سے راولپنڈی صدر جانے والی ٹریفک کو پہلے مرحلے میں کمیٹی چوک ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں اسلامک شہد سنٹر سے جانب راول روڈ ڈائیورٹ کیا جائیگا۔ تیسرے مرحلے میں آغاز فلائی اوور چاندنی چوک / راول روڈ ٹرن سے جانب راول روڈڈائیورٹ کیا جائے گا۔ بوقت ضرورت ٹی ایم چوک سے جانب مریڑ چوک ٹریفک ڈائیورشن لگائی جائے گی۔ تمام ڈائیورشن پوئنٹس سے ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ کل پاکستان پیپلز پارٹی لیاقت باغ میں بے نظیر بھٹو کے یومِ شہادت پر جلسہ منعقد کر رہی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment