سعودی عرب نے پاکستان کے لیے بڑا اعلان کر دیا

فوٹو: پی آئی ڈی

اسلام آباد: گزشتہ روز پاکستان کا دورہ کرنے والے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے وزیراعظم عمران خان کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی پیغام پہنچایا ہے کہ سعودی عرب ہر موقع پر پاکستان کی بھرپور مدد کرے گا۔

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود کےساتھ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقاتوں کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کے ولی عہد کا میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا پیغام بھی پہنچایا ہے۔

جاری شدہ اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سعودی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنے کے ساتھ بھارت میں حال ہی میں منظور کیے جانے والے شہریت سے معلقہ متنازع قانون اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی اشتعال انگیزیوں سے بھی آگاہ کیا۔

دوسری طرف ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان السعود سے وزارت خارجہ میں ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں سعودی سرمایہ کاری پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے۔ جبکہ پیٹروکیمیکل، کان کنی اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ روڈ ٹو مکہ منصوبے کو پاکستان کے دیگر شہروں تک وسعت دی جائے۔

شاہ محمود قریشی نے اسلامی ممالک کی تنظیم رابطہ تنظیم (او آئی سی) رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر میں سعودی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان سے برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے او آئی سی کے کردار پر بھی بات چیت کی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment