محکمہ موسمیات نے نئے سال میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی

اسلام آباد: مغربی ہواوں کے طاقتور سلسلے وقفے وقفے سے ملک کے بیشتر علاقوں کو 31 دسمبر سے اپنی لپیٹ میں لیں گے۔ مغربی سلسلے جنوری کے پہلے 15 دنوں کے دوران ملک گیر بارشوں کا سبب بنیں گے۔ سلسلوں کے زیر اثر پاکستان کے 90 فیصد علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے 100 فیصد علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مالاکنڈ، چترال، دیر، کالام، سوات، مالم جبہ اور فاٹا کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری کا امکان ہے۔ فاٹا،وزیرستان، کالام، اپر دیر، چترال ،کوہستان، ناران، کاغان، شوگران، ٹھنڈیانی اور گلیات کے پہاڑوں شدید برفباری ہونےکا امکان ہے۔

پنجاب کے تقریبا تمام شمالی وسطی اور بالائی علاقوں میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب میں ڈیرہ غازی خان، فورٹ منرو، تونسہ، لیہ ، بھکر میں بارش کا امکان ہے۔ ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور راجن پور میں مختلف مقامات پر بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔

فورٹ منرو اور کوہ سلیمان کے 6000 فٹ سے بلند پہاڑوں پر اس دوران ہلکی برفباری کا امکان موجود ہے ملکہ کوہسار مری اورملحقہ علاقوں گلیات میں 4 سے 7 جنوری کے دوران شدید برفباری ہوگی۔ 5000 فٹ سے زائد بلند پہاڑوں پر بھی برفباری کا امکان موجود رہے گا۔ موٹر وے پر مسیاڑی سے لوئر ٹوپہ تک برفباری متوقع ہے۔

راولپنڈی، اسلام آباد لاہور کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختون خواہ کے دھند زدہ علاقوں میں چھائی ہوئی دھند میں کمی واقع ہو گی۔ متوقع بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں مزید نمایاں کمی محسوس ہو گی۔ میدانی علاقوں میں کہر پڑنے کا امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں اکثر مقامات پر 2 جنوری سے 10 جنوری کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوگی جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔ سندھ صوبہ بھر میں31 دسمبر سے 3 جنوری کے دوران موسم ابر آلود اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ مزید بر آں بلوچستان سے چلنے والی سائیبرین ہواوٗں کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں کے دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ رات کے درجہ حرارت سابقہ تمام ریکارڈز توڑ سکتے ہیں۔ بلوچستان صوبہ کے شمالی اور مغربی اور وسطی علاقوں میں اکثر مقامات پر موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان کے اکثر علاقوں میں بشمول، استور، سکردو، گلگت، ہنزہ، گوجال، شگر ، سوست، خنجراب کے بلند مقامات پر جنوری کے پہلے 15 دنوں کے دوران شدید برفباری کا امکان ہے۔ میدانی علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔

آئی ڈی: 2019/12/29/1698

متعلقہ خبریں

Leave a Comment