محکمہ موسمیات نے نئے سال میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی


اسلام آباد :مغربی ہواوٗں کے طاقتور سلسلے  وقفے وقفے سے ملک کے بیشتر علاقوں کو 31 دسمبر سے اپنی لپیٹ میں لیں گے۔ مغربی سلسلے جنوری کے پہلے 15دنوں کے دوران ملک گیر بارشوں کا سبب بنیں گے۔ سلسلوں کے زیر اثر پاکستان کے 90 فیصد علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے 100 فیصد علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مالاکنڈ، چترال، دیر، کالام، سوات، مالم جبہ اور فاٹا کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری کا امکان ہے۔  فاٹا،وزیرستان، کالام، اپر دیر، چترال ،کوہستان، ناران، کاغان، شوگران، ٹھنڈیانی اور گلیات کے پہاڑوں شدید برفباری ہونےکا امکان ہے۔
پنجاب کے تقریبا تمام شمالی وسطی اور بالائی علاقوں میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب میں ڈیرہ غازی خان، فورٹ منرو، تونسہ، لیہ ، بھکر میں بارش کا امکان ہے۔  ملتان ‘ بہاولپور ‘ رحیم یارخان ‘ راجن پور میں مختلف مقامات پر بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔
فورٹ منرو  اور کوہ سلیمان کے 6000 فٹ سے بلند پہاڑوں پر اس دوران ہلکی برفباری کا امکان موجود ہے ملکہ کوہسار  مری  اورملحقہ علاقوں گلیات میں  4 سے 7 جنوری کے دوران شدید برفباری ہوگی۔
5000 فٹ سے زائد بلند پہاڑوں پر بھی برفباری کا امکان موجود رہے گا۔ موٹر وے پر مسیاڑی سے لوئر ٹوپہ تک برفباری متوقع ہے۔
گلیات میں شدید برفباری کے باعث برفانی تودے گرنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔  راولپنڈی، اسلام آباد لاہور کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختون خواہ کے  دھند زدہ علاقوں میں چھائی ہوئی دھند میں کمی واقع ہو گی۔ متوقع بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں مزید نمایاں کمی محسوس ہو گی۔ میدانی علاقوں میں کہر پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں اکثر مقامات پر 2 جنوری سے 10 جنوری کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوگی۔ سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔ مسلسل بارش اور برفباری سے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات ہو سکتے ہیں۔ سندھ صوبہ بھر میں31 دسمبر سے 3 جنوری کے دوران موسم ابر آلود اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
کراچی ، حیدرآبار، لاڑکانہ ، دادو ،تھرپارکر، نوشہرہ فیروز، سکرنڈ، مورو میں بونداباندی متوقع ہے۔جنوبی پنجاب سے ملحقہ علاقوں کشمور، جیکب آباد ، سکھر ، روہڑی ، کوٹری ، ڈہرکی ، گھوٹکی میں بوندا باندی اور  ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔  بلوچستان سے چلنے والی سائیبرین ہواوٗں کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں کے دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔  رات کے درجہ حرارت سابقہ تمام ریکارڈز توڑ سکتے ہیں۔ بلوچستان صوبہ کے شمالی اور مغربی اور وسطی علاقوں میں اکثر مقامات پر موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
وادی کوئٹہ، چمن، مستونگ، خوجک ٹاپ، میختر، زیارت ‘ ژوب میں برف باری متوقع ہے۔  لورالائی،بارکھان، کوہلو، ہرنائی ،قلات، خضدار سوئی ، سبی میں موسم ابر آلود رہے گا۔  مکران کی ساحلی پٹی اورماڑہ ، پسنی ، جیوانی ، گوادر میں تیز بارش کا امکان موجود ہے۔
صوبہ بھر میں موسم انتہائی سرد رہنے کا امکان ہے۔ اکثر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے انتہائی کم رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان کے اکثر علاقوں میں بشمول، استور، سکردو، گلگت، ہنزہ، گوجال، شگر ، سوست، خنجراب کے بلند مقامات پر جنوری کے پہلے 15 دنوں کے دوران شدید برفباری کا امکان ہے۔  میدانی علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.