نیا سال؛ کراچی میں ڈبل سواری، ہوائی فائرنگ اور آتشبازی پر پابندی عائد

کراچی: حکومت سندھ نے کراچی میں ڈبل سواری، آتش بازی، ہوائی فائرنگ پریکم جنوری تک پابندی عائد کر دی تا ہم شہریوں کے ساحل سمندر پرجانے کی کوئی پابندی نہیں ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق سال 2019 کےاختتام پر کراچی پولیس نے نیو ایئر نائٹ کیلئے سکیورٹی پلان تیار کرلیا ہے۔ ہوائی فائرنگ، آتش بازی، ڈبل سواری اورون ویِلنگ پر مکمل پابندی ہوگی تاہم  ساحل سمندر پر جانے پر کوئی پابندی نہیں ہو گی۔ سی ویو جانے والے 11 مقامات پر چیکنگ کے عمل سے گزرنا ہو گا۔ سال نو پر شہریوں کے لئے اچھی خبر ہے کہ 31 دسمبر کی رات سی ویو جانے والے راستے بند نہیں ہوں گے۔ منچلے سی ویو پر غروب آفتاب کا نظارہ اور سال 2019 کو الوداع کہہ سکیں گے۔

کراچی کی ٹریفک پولیس نے بھی سال نو پر پلان جاری کردیا ہے۔ ٹریفک پولیس حکام کے مطابق سی ویو جانے والے راستوں پر کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کی جائے گی۔ سی ویو روڈ، مین شاہراہ فیصل، عبداللہ ہارون روڈ، کورنگی روڈ ، ڈاکٹر ضیاالدین احمد روڈ ، ایم ٹی خان روڈ پر گاڑیاں پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے31 دسمبر کی شام سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی۔ اس کے علاوہ آتش بازی، ہوائی فائرنگ  اور اسلحہ لےکر چلنے پر بھی پابندی ہو گی۔

 

آئی ڈی: 2019/12/31/1766 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment