نئے سیکرٹری الیکشن کمیشن کل اپنا عہدہ سنبھالیں گے


اسلام آباد:  پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے نامزد کردہ   بابر یعقوب فتح محمد آج  (31 دسمبر کو) سیکریٹری الیکشن کمیشن کے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ ان کی جگہ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب ظفر اقبال حسین فرائض سنبھالیں گے۔الیکشن کمیشن کے نئے سیکریٹری ظفر اقبال حسین کل (یکم جنوری) کو اپنا منصب سنبھالیں گے۔

 دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا معاملہ موسم کی خرابی کی وجہ سے  مزید ایک ہفتے کے لیے موخر کردیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر اور اراکین الیکشن کمیشن کی تعیناتی کے لیے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پیر کے روز منعقد ہونا تھا لیکن شدید دھند کے باعث اراکین اسلام آباد نہیں پہنچ سکے لہٰذا اجلاس ایک ہفتے تک ملتوی کردیا گیا۔ پارلیمانی کمیٹی کا آخری اجلاس 24 دسمبر کو منعقد ہوا تھا لیکن ڈیڈ لاک برقرار رہنے کی وجہ سے 30 دسمبر کو ایک اور اجلاس کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اس سے قبل اراکین الیکشن کمیشن کی تعیناتی کے لیے ضروری 2 تہائی اکثریت کے اصول میں بھی ترمیم کی کوشش کی گئی تھی لیکن اس کوشش کو اس وقت ترک کردیا گیا جب یہ بات سامنے آئی کہ اصول میں ترمیم کے لیے بھی 2 تہائی اکثریت ضروری ہے۔

آئی ڈی: 2019/12/31/1863 

اپنا تبصرہ بھیجیں