حکومت نے غریب طبقے کو رعایت دینے کیلئے چھ ارب جاری کر دئیے


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے بنیادی غذائی اجناس پر غریب عوام کو رعایت دینے کیلئے چھ ارب روپے کی خطیر رقم جاری کر دی ہے۔

ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے مطابق جاری کیے جانے والی رقم سے پانچ ارب ضروری اشیائے خورد و نوش کی خریداری کے لیے جبکہ ایک ارب روپے ماہانہ سبسڈی کی مد میں جاری کیے ہیں۔

وفاقی حکومت نے جن اشیا پر رعایت دی ہے ان میں چینی، دالیں، آٹا، گھی اور چاول شامل ہیں۔ وفاقی حکومت نے پاسکو سے دو لاکھ میٹرک ٹن سستی گندم بھی مہیا کی ہے جس سے ملک بھر میں سستے آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ تعجمان یوٹیلیٹی اسٹورز نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں ضروری اشیائے خور و نوش کی خریداری کا سلسلہ مکمل ہونے والا ہے جس کے بعد وزیر اعظم پاکستان عمران خان 7 جنوری کو اس پیکج کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر کے تمام اسٹورز پر روزمرہ استعمال کی اشیا سستے داموں دستیاب ہوں گی اورعوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہوگا۔ وفاقی حکومت اس پیکج کو کامیاب بنانے اور عوام کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے دیئے گئے پیکج پر نظر رکھے گی۔

خیال رہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ جنوری2020 کے آخری ہفتے میں پسے  ہوئے طبقے کی معاشی معاونت کیلئے ایک کارڈ جاری کیا جائے گا اور دیہاڑی دار لوگوں کو لنگرخانوں کے ذریعے کھانا فراہم کرنے کا انتظام بھی جلد ہو گا۔ دوسری جانب وزیراعظم نے ہدایت کر رکھی ہے کہ معاشی اور اقتصادی بہتری کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔

آئی ڈی: 2020/01/02/2154 

Leave A Reply

Your email address will not be published.