ننکانہ صاحب میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا: وزیر داخلہ اعجاز شاہ


اسلام آباد: گزشتہ روز گردوارہ ننکانہ صاحب کے قریب پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد وفاقی حکومت  نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب میں معمولات زندگی معمول کے مطابق ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ اعجازشاہ نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب مذہبی ہم آہنگی کا مرکز ہے۔ وہاں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ ایک مقامی مسئلے کو غلط رنگ دیا گیا اور بھارت کا واقعہ کو غلط رنگ دینا نہایت افسوسناک ہے۔ وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ چند مقامی افراد نے گرفتار افراد کی رہائی کیلئے پولیس کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ واقعہ میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ حکومت پنجاب اور متروکہ وقف املاک انتظامیہ عمائدین علاقہ سے رابطے میں ہے۔ دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپلوڈ ہونے والی ایک ویڈیو میں گورنر پنجاب کو دونوں فریقین کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے جس میں دونوں فریقین نے مسئلے کو باہمی رضامندی کے ساتھ حل کرنے کے ساتھ گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے گزشتہ روز ننکانہ صاحب میں گردوارہ صاحب کے قریب ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جس میں ایک ہجوم نے گردوارہ صاحب کے قریب اشتعال انگیز نعرے بازی کی تھی۔ 

 

آئی ڈی: 2020/01/04/

Leave A Reply

Your email address will not be published.