ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کیلئے فوجی تربیتی پروگرام کی بحالی کی توثیق کر دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام (آئی ایم ای ٹی) کو بحال کرنے کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔ اس بحالی کی تصدیق امریکا کی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر سرکاری اکاونٹ سے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے کیا۔ اس ٹوئیٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کی افواج میں تعاون بڑھانے کے لیے امریکی صدر نے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام کی بحالی کی منظوری دے دی ہے۔ تاہم ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجموعی طور پر پاکستان کی فوجی امداد معطل رہے گی۔

واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے پچھلے ماہ ملٹری ٹریننگ اور تعلیمی پروگرام میں پاکستان کی شرکت کی بحالی کی منظوری دی تھی۔ اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پروگرام میں شرکت کی منظوری ایک سال سے زائد عرصے تک معطلی کے بعد دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے لیے فوجی تربیتی پروگرام دوبارہ شروع کیا جائے گا: امریکی محکمہ خارجہ

انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اور ٹریننگ پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کے زیر انتظام منعقد کیا جاتا ہے۔ یہ پروگرام امریکا کی جانب سے پاکستان کی تقریباً 2 ارب ڈالر کی فوجی امداد کے پروگرامز کا ایک چھوٹا حصہ ہے۔ یہ امداد جنوری 2018 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک حکم کے بعد معطل کردی گئی تھی۔

خیال رہے کہ آئی ایم ای ٹی پروگرام کے تحت غیر ملکی فوجی افسران یو ایس آرمی وار کالج اور یو ایس نیول وار کالج جیسے امریکی فوجی تعلیمی اداروں میں تربیت حاصل کرتے ہیں۔

 

آئی ڈی: 2020/01/03/2308 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment