اپنی سرزمین کسی کےخلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے: ترجمان پاک فوج


راولپنڈی: ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی سے خصوصی بات چیت کے دوران انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے اس بیان کہ ‘پاکستان کسی کا یا کسی چیز کا فریق نہیں بنے گا لیکن صرف امن کا شراکت دار بنے گا’ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘ہم اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے اور ہر وہ کام کریں گے جو خطے کو امن کی طرف لے کر جائے’۔

ایران کے پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت سے متعلق سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس واقعے کے بعد خطے کے حالات میں تبدیلی آئی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نےمشرق وسطی، امریکا ایران اور ایران و سعودیہ کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہ حکومت پاکستان نے اس سلسلے میں مثبت کوششیں کیں ہیں۔ وزیراعظم عمران خان مختلف ممالک کے دوروں پر گئے اور اس کشیدگی پر بھی بات چیت کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بہت سی کشیدگیاں ہوئیں۔ حتیٰ کہ 27 فروری کو دونوں ملک جنگ کے دہانے تک پہنچے اور بھارت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم نے بھارت کے 2 جہاز گرائے پائلٹ کو بھی گرفتار کیا اور خطے میں امن کے لیے ان کا پائلٹ واپس بھی کیا۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان نے ہر وہ کام کیا جو خطے میں امن لاسکتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی ان کے خلاف اشتعال انگیزیوں کے باوجود ایک ذمہ دار ریاست اور قابل افواج ہونے کا ثبوت دیا تو ان حالات میں خطے کے کسی بھی ملک کے حوالے سے کوئی بھی کشیدگی کو ہم خطے میں امن کی کوششوں کے خلاف سمجھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت۔۔ مائیک پومپیو اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میں رابطہ

امریکی سیکرٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے رابطے پر بات کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہ جب امریکی اسٹیٹ سیکریٹری مائیک پومپیو کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بات ہوئی تو آرمی چیف نے بنیادی طور پر ان سے 2 باتیں کیں کہ ‘خطہ بہت خراب حالات سے بہتری کی طرف جارہا ہے۔ اس بہتری کے لیے افغان مصالحتی عمل کا کامیاب ہونا بہت ضروری ہے اور اس میں پاکستان اپنا بھرپور مثبت کردار ادا کررہا ہے اور پاکستان کی خواہش ہے کہ اس پر توجہ مرکوز رہے جبکہ یہ امن کی جانب لے کر جائے’۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ مائیک پومپیو سے بات چیت میں آرمی چیف نے کہا تھا کہ ‘خطے کے مختلف ممالک میں کشیدگی کم ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ ممالک کو تعمیری طرزِ عمل اور مذاکرات سے آگے بڑھنا چاہیے۔ پاکستان اس سلسلے میں تمام تر پُرامن کوششوں کی تائید کرے گا اور خواہش کرتا ہے کہ یہ خطہ کسی اور جنگ کی طرف نہ جائے’۔

ترجمان پاک فوج نے ایران کے خلاف امریکا کی جنگ کا حصہ بننے کی افواہوں سے متعلق بھی بات کی۔ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسی بہت سی افواہیں بالخصوص سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ میری عوام اور میڈیا سے درخواست ہے کہ صرف معتبر ذرائع کی بات چیت پر توجہ دیں۔ اس پروپیگنڈا مہم پر، جو ملک دشمن عناصر کی افواہیں ہیں، توجہ نہ دیں۔  ان افواہوں کو پھیلانے میں بھارت مرکزی کردار ادا کررہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف دونوں کی کوشش ہے خطے میں امن کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔

 

آئی ڈی: 2020/01/05/2364

Leave A Reply

Your email address will not be published.