وزیر اعظم کی جانب سے 7 ارب روپے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد: وزیر اعظم کی جانب سے عوام کو اشیائے ضروریہ کی سستے داموں پر فراہمی کیلئے 7 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کر دیا گیا۔ پیکج کے تحت آٹا، چینی گھی اور چار قسم کی دالوں پر 10 سے 30 فیصد تک سبسڈی دی گئی ہے۔معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اس حوالے سے  کہا کہ  وزیر اعظم کا عہد ہے کہ جوں جوں مالی پوزیشن مستحکم ہو گی اسکا ریلیف عوام کو دیا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عام پاکستانی کی مشکلات کو کم کرنےاور بنیادی اشیاء ضروریہ کی فراہمی کیلئے وزیر اعظم نے یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے عوام کو 7 ارب روپے ریلیف پیکج دیا ہے۔ وزیر اعظم کا عہد ہے کہ جوں جوں مالی پوزیشن مستحکم ہو گی اسکا ریلیف عوام کو دیا جائیگا۔

ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن عمر لودھی نے کہا مارکیٹ سے 20 فیصد کم قیمت پر اشیائے ضروریہ دستیاب ہوں گی۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی 68  فی کلو،گھی 170 روپے اور آٹا20 کلو کا تھیلا808 روپے سے 850 میں دستیاب ہو گا۔ اس کے علاوہ  دالوں پر 25 سے 30 روپے سبسڈی ہو گی۔

چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورزذوالقرنین علی خان نے کہا پاسکو سے 2 لاکھ ٹن گندم سستے داموں حاصل کی گئی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کی تعداد کو بڑھا کر 10 ہزار تک لے جائیں گے۔ مستقبل میں پانچ کروڑ افراد کو راشن کارڈ بھی دیئے جائیں گے۔

 

آئی ڈی: 2020/01/07/2578 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment