بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے سرکاری افسران کی تفصیلات سامنے آ گئیں

اسلام آباد: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے آٹھ لاکھ افراد کو نکالے جانے کے بعد اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے والےسرکاری افسران کی تفصیلات سامنے آ گئیں ہیں۔

دستاویزات کے مطابق چاروں صوبوں وفاق اور خود بی آئی ایس پی کے اعلیٰ سرکاری افسران بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھاتے رہے۔ دستاویز کے مطابق اب تک گریڈ 17 سے گریڈ 21 کے 2 ہزار 543 افسران کو لسٹ سے نکالا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق متعدد اعلیٰ سرکاری افسران اپنی بیویوں کے نام پر پیسے وصول کرتے رہے۔ بلوچستان میں سب سے زیادہ سرکاری افسران مستفید ہوئے۔ 741 سرکاری افسران نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والوں میں گریڈ 21 کے تین افسران شامل ہیں۔ ملک بھر سے گریڈ 20 کے 59 افسران سہہ ماہی وظیفہ وصول کرتے رہے۔ لسٹ سے نکالے گئے گریڈ 19 کے افسران کی تعداد 429 ہے۔

اس کے علاوہ سندھ میں گریڈ 18 کے 342 افسران اور خود بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 6 افسران نے بھی اسکیم سے فائدہ اٹھایا۔ گریڈ 17 کے ایک ہزار 240 افسران نے بھی فائدہ اٹھایا ۔

واضح رہے چند روز قبل بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے آٹھ لاکھ افراد کو اس بنیاد پر نکالا گیا تھا کہ یہ افراد مستحقین شمار نہیں ہوتے۔

آئی ڈی: 2020/01/08/2702 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment