مہنگائی میں اضافہ ہوا، حکومت نے اعتراف کر لیا


اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے عبدالقادر پٹیل نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ  موجودہ دورحکومت میں ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے۔ کسان فصلیں جلانے پر مجبور ہے۔  وفاقی وزیر عمر ایوب نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں زندہ لوگوں کو قبروں میں گاڑھا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت کراچی کے شہریوں سے انتقام لے رہی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس سید فخر امام کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں  وقفہ سوالات کے دوران حکومت نے تحریری جواب میں اعتراف کیا کہ جولائی تا دسمبر مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ ایوان کو بتایا گیا کہ 2015 سے اب تک دو لاکھ  پندہ ہزار تین سو سترہ پاکستانیوں نے کالا دھن سفید کروایا۔  وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ بہتر سالوں میں پہلی بار ایسا وزیراعظم آیا ہے جو ریاست مدینہ کی بات کرتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ پہلے جو باتیں مسجد کے ممبر پر ہوتی تھیں، وہ اب ایوان میں ہوتی ہیں۔

رکن اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے سودی نظام پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مدینہ کی ریاست میں نوجوانوں کو سود پر قرضہ دے رہے ہیں۔ عبدالقادر پٹیل  نے کہا کہ وزراء حکومتی کارنامے سنائیں گے، لیکن زمینی حقائق کچھ اور ہیں۔ موجودہ دورحکومت میں ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے۔ کسان فصلیں جلانے پر مجبور ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیمز سے فائدہ اٹھانے والوں کی تفصیلات پیش کر دیں

وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ لاڑکانہ سمیت سندھ میں لوگوں کو کتے کاٹتے ہیں تو ان کو نظر نہیں آتا۔ وہاں زندہ لوگوں کو قبروں میں گاڑا جا رہا ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے شہریوں سے انتقام لے رہی ہے۔

ڈاکٹر درشن نے  گردوارہ بابا گرونانک کے گیٹ پر پتھراؤ کیخلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے۔ وفاقی وزیر نورالحق قادری نے بتایا کہ ننکانہ صاحب میں ایک سکھ بچی نے عدالت میں مسلمان ہو کر شادی کرلی۔ یہ بچی دارلامان میں ہے۔ اس واقعہ پر کچھ گرفتاریاں ہوئیں۔ نور الحق قادری نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ان گرفتاریوں کے خلاف مقامی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کو مذہبی رنگ دے دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے احتجاج سے توجہ ہٹانے کے لئے یہ سارا شور شرابا کروایا۔

بعد ازاں اجلاس جمعہ کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

 

آئی ڈی: 2020/01/09/2830 

Leave A Reply

Your email address will not be published.