پشاور میں قتل ہونے والے رویندر سنگھ کی قاتل اپنی ہی منگیتر نکلی

Harmeet Sing

پشاور: چند روز قبل پشاور کے نواحی علاقے میں ہونے والے افسوسناک قتل کی لرزہ خیز تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رویندر سنگھ کی قاتل اپنی منگیتر ہی نکلی۔ رویندر سنگھ کی منگیتر پریم کماری کو مردان سے گرفتار کر کے مردان جیل منتقل کر دیا گیا۔

اعلیٰ افسران کے مطابق رویندر سنگھ کی منگیتر پریم کماری سے شادی کے لئے راضی نہ تھی، جس پر اس نے انتہائی قدم اٹھایا اور ملزمان کو رقم دیکر رویندر سنگھ کا قتل کروا دیا۔ تحقیقاتی ٹیم کے مطابق ملزمہ نے رویندر سنگھ کے قتل کے لئے تین اجرتی قاتلوں کو سات لاکھ روپے کی رقم دی۔

ذرائع کے مطابق رویندر سنگھ کو اس کی منگیتر نے مردان بلوایا۔ اجرتی قاتلوں نے رویندر سنگھ کو مردان سے اغوا کیا اور اسے ایک قریبی کالونی لے گئے۔

مزید پڑھیں: پشاور کے نواحی علاقے میں نوجوان قتل

 رویندر سنگھ کو مردان میں ہی قتل کیا گیا جبکہ کیس کا رخ موڑنے کے لئے لاش کو پشاور منتقل کیا گیا۔ لاش پھینکنے کے بعد قاتلوں نے مقتول کے اہل خانہ کو فون کیا کہ پیسے بھجوا دو ورنہ تمہارے بھائی کو قتل کر دیں گے۔ یہ سب کچھ صرف کیس کی تفتیش کا رخ موڑنے کے لئے کیا گیا تاکہ اصل قاتلوں کا پتہ نہ چل سکے۔ سی سی پی اور پشاور کی نگرانی میں کمیٹی نے دن رات کام کر کے کیس کو حل کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے آلہ قتل اور استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر کے تحویل میں لے لئے ہیں۔ دوسری جانب ملزمہ کو عدالت کے روبرو پیش کر دیا گیا جہاں سے ملزمہ کو کل ٹرانزٹ کسٹڈی پر پشاور پولیس کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے گزشتہ اتوار کو سکھ نوجوان رویندر سنگھ کو چمکنی کے علاقے میں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔ اعلیٰ سکیورٹی آفیسر کے مطابق سکھ کمیونٹی کے نوجوان رویندر سنگھ کے قتل کے بعد اس کی لاش کو پشاور لایا گیا جبکہ ملزمان نے مقتول رویندر سنگھ ہی کے موبائل سے فون کر کے اہل خانہ کو اطلاع دی کہ رویندر سنگھ کو قتل کر دیا گیا ہے۔

 

آئی ڈی: 2020/01/10/2863 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment