حیثم بن طارق عمان کے نئے سلطان منتخب

عمان: عمان کے سلطان قابوس بن سعید کے انتقال کے بعد حیثم بن طارق کو عمان کا نیا سلطان منتخب کر لیا گیا ہے۔ سلطان منتخب ہونے سے قبل حیثم بن طارق تہذیب و ثقافت کے وزیر کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس سے قبل وہ وزارت خارجہ میں انڈر سیکرٹری اور سیکرٹری جنرل کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔ حیثم بن طارق آکسفورڈ یونیورسٹی کے فارن سروسز پروگرام سے فارغ التحصیل ہیں۔

واضح رہے سلطان قابوس بن سعید جمعے کی شام کو انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 79 برس تھی۔ 1996 کے ایک قانون کے تحت حکمران خاندان کے لیے لازم ہے کہ وہ تخت خالی ہونے کے تین دن کے اندر نئے سلطان کا انتخاب کرے۔  ایسی صورتحال میں، جب خاندان نئے سلطان کا انتخاب کرنے میں ناکام ہو جائے، عسکری اور سیکیورٹی حکام، سپریم کورٹ کے چیفس اور دونوں اسمبلوں کے سربراہ اس شخص کو تخت پر بٹھا سکتے ہیں، جس کا نام سلطان کے مہر بند خط میں موجود ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: عمان کے سلطان قابوس بن سعید انتقال کر گئے

سلطان قابوس کے انتقال پر شاہی کورٹ کے دیوان نے ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔ شاہی کورٹ نے چالیس دن کے لیے قومی پرچم کو بھی سرنگوں رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمانی آئین میں موجود شرائط کے تحت ’’سلطان کے لیے شاہی خاندان سے ہونے کے علاوہ مسلمان، بالغ، ذی شعور اور عمانی والدین کی اولاد ہونا لازم ہے۔ ‘‘واضح رہے سلطان قابوس کی کوئی اولاد تھی، نہ ہی انہوں نے اپنے جانشین اعلان کیا۔ ذرائع کے مطابق اس صورتحال کے لیے، کہ جب شاہی خاندان نئے سلطان کا انتخاب نہ کر سکے، سلطان قابوس نے ایک مہر بند خط میں اپنے جانشین کا نام چھوڑا ہے۔

 

آئی ڈی: 2020/01/11/2978

متعلقہ خبریں

Leave a Comment