اسلام آباد ائیر پورٹ میں تیسری منزل سے گرنے والی بچی جاں بحق

اسلام آباد: نیو انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد کے جنگلے سے گرنے والی بچی پمز ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ فتح جنگ سے تعلق رکھنے والی چار سالہ عنایہ آج صبح نیو ایئر پورٹ کی تیسری منزل پر برقی سیڑھیوں کے قریب جنگلے سے پہلی منزل پر آ گری تھی۔
ذرائع کے مطابق چار سالہ عنائیہ برقی لفٹ کے قریب جنگلے کے پاس کھیل رہی تھی کہ لیول تھری سے لیول ون پر گر گئی۔ زخمی بچی کو سر پر شدید چوٹ آنے کی وجہ سے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں نیوروسرجن دستیاب نہ ہونے کے باعث بچی کو صبح دس بجے پمز کے بچوں کی ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔
سول ایوی ایشن ترجمان کے مطابق 9 بج کر 19 منٹ پر واقع پیش آیا، جبکہ 10 بج کر 8 منٹ پر عنائیہ کو پمز ریفر کیا گیا۔ بچی کو جب ہسپتال لایا گیا تو اس کی دل کی دھڑکن بند تھی۔ بچی کو فوری طبی امداد دی گئی، جس کے بعد بچی کی دھڑکن بحال ہو گئی تھی اور اس کی فوری سرجری کے لئے متعلقہ ڈاکٹرز کو آگاہ کر دیا گیا۔ تاہم بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
واضح رہے چار سالہ عنائیہ والدین کے ہمراہ اپنے عزیز کے استقبال کیلئے آئی تھی۔ ترجمان ایوی ایشن ڈویژن نے دعوی کیا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق بچی ماں کے ہاتھوں سے گری۔  سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اے ایس ایف سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
یاد رہے اس سے قبل بھی اسلام آباد ائیرپورٹ پر مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

 

آئی ڈی: 2020/01/13/3103

متعلقہ خبریں

Leave a Comment