وزیر خارجہ کا ایران و سعودی عرب کا دورہ مکمل، عمان کے دورے پر روانہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران اور سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے عمان روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب سے ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کو کم نہ کیا گیا تو یہ خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ کشیدگی پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے کیونکہ اس سے افغان امن عمل متاثر ہو سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے دوران عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے خطے کے دیگر وزرائے خارجہ سے ہونیوالے روابط سے بھی انھیں آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے۔ اس کشیدہ صورتحال کو اعتدال پر لانے اور خطے کے امن واستحکام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ معاملات کو سفارتی ذرائع بروئے کار لا کر پرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا جائے۔ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ تمام فریقین صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے اور تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور گفت وشنید کا راستہ اپنانے پر آمادہ ہو جائیں۔

اس سے قبل وزیر خارجہ اپنا ایران کا دورہ مکمل کر کے سعودی عرب روانہ ہوئے تو مہر آباد ایئرپورٹ پر ایران کی وزارت خارجہ کے نائب وزیر برائے مغربی ایشیا محمد موسوی، تہران میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور سید فواد شیر اور دیگر افسران نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔

وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں خطے کے ممالک کے دورے کئے۔ پہلے حصے میں 12 اور 13 جنوری کو ایران کا دورہ کیا، جس کا مقصد کشیدگی اور تناؤ میں کمی لانا اور سفارتی ذرائع سے آگے بڑھنے کی راہ ہموار کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔ ایران کے دورے کے دوران وزیر خارجہ نے ایرانی صدر حسن روحانی، اپنے ایرانی ہم منصب وزیر خارجہ جواد ظریف اور مشہد کے گورنر جنرل خراسان رزاوی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور کسی بھی تنازع میں فریق نہیں بنے گا۔

 

آئی ڈی: 2020/01/13/3172 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment