خیبرپختونخوا حکومت بلدیاتی انتخابات کا نوٹیفکیشن جمع نہ کرا سکی، الیکشن کمیشن کا اظہار برہمی


اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں خیبرپختونخوا حکومت ایک بار پھر بلدیاتی انتخابات سے متعلق نوٹیفکیشن جمع نہ کرا سکی۔ الیکشن کمیشن نے اظہار برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کی درخواست پر مزید وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 3 فروری  تک ملتوی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ خیبرپختونخوا حکومت قبائلی اضلاع کی نئی تحصیلوں کا نوٹیفکیشن آج بھی الیکشن کمیشن میں جمع نہ کرا سکی۔ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جمع نہ کرانے پر اظہار برہمی کیا۔ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر نے  استفسار کیا آپ تاخیر کر رہے ہیں۔ کتنا عرصہ گزر چکا ہے، لیکن آپ نے ابھی تک کام مکمل نہیں کیا۔

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کے پی کے کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن کمیشن توجہ نہ دیتا تو یہ جو کام ہوا ہے وہ بھی نہیں ہونا تھا۔ مالا کنڈ کے 12 اضلاع میں سے 5 اضلاع  کی رپورٹ بورڈ آف ریونیو کو بھیج دی ہے۔ انفراسٹرکچر کا مسئلہ ہے، حکومت کے پاس پیسے نہیں ہے کہ وہ تنخواہیں دے۔

خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل ملک اختر حسین نے الیکشن کمیشن سے مزید وقت مانگ لیا، جس پر چیف الیکشن کمشنر کا استفسار کیا کتنا وقت آپ کو اور چاہیے؟ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے مزید وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 3 فروری تک ملتوی کر دی۔

 

آئی ڈی: 2020/01/14/3216

Leave A Reply

Your email address will not be published.