وزیر خارجہ آج دورہ امریکہ پر روانہ ہوں گے

اسلام آباد: وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 15 تا 17 جنوری 2020ء واشنگٹن اور نیویارک کا دورہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 16، 17 جنوری 2020 کو واشنگٹن میں ہوں گے جبکہ 15 جنوری 2020 کو نیویارک جائیں گے، جہاں ان کی سیکرٹری جنرل سمیت اقوام متحدہ کی قیادت سے ملاقات ہوگی۔

واشنگٹن میں وزیر خارجہ اپنے امریکی ہم منصب مائک پومپیو، قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ او برائن اور دیگر اعلی حکومتی عہدیداروں سے ملیں گے۔ وزیر خارجہ کیپٹل ہل میں بھی ملاقات کریں گے، جبکہ دورہ کے دوران میڈیا، تھنک ٹینک اور امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے ملاقاتیں بھی ان کی مصروفیات کے شیڈول میں شامل ہیں۔

وزیرخارجہ سرکاری حکام سے ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے ان سفارتی رابطوں سے متعلق امور کوزیرغور لائیں گے جو انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں مشرق وسطی وخلیج کے خطے میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کئے ہیں۔ ان کوششوں کا مقصد کشیدگی میں کمی، اختلافات اور تنازعات کو سیاسی وسفارتی ذرائع سے حل کرنے کی کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔ وزیرخارجہ کا دورہ امریکہ انہی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔

وزیرخارجہ دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیتے ہوئے اس اہمیت کو اجاگرکریں گے جو دونوں ممالک کی قیادت کی بصیرت کی روشنی میں پاکستان امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، طویل المدتی اور پائیدار شراکت داری کو دیتا ہے۔

وزیرخارجہ اپنے ہم مناصب کو بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کی صورتحال بالخصوص 5 اگست 2019 کو بھارتی یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے نتیجے میں کشمیریوں کو جن طویل اور صبر آزما حالات کا سامنا ہے، سے آگاہ کریں گے۔

وزیرخارجہ افغانستان میں امن ومفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار اور حمایت جاری رکھنے کے عزم کو بھی اجاگر کریں گے۔

آئی ڈی: 2020/01/15/3525

اپنا تبصرہ بھیجیں