الیکشن کمیشن نے 318 نمائندگان کی رکنیت معطل کر دی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 318 ممبران سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی۔ وفاقی وزراء فروغ نسیم، فواد چودھری، نور الحق قادری سمیت کئی پارلیمنٹری سیکرٹریز کے نام بھی معطل اراکین میں شامل ہیں۔ گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے تک معطل اراکین کسی بھی اسمبلی اجلاس اور قانون سازی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے318 اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل کر دی۔ الیکشن کمیشن نے گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر اراکین کہ رکنیت معطل کی۔ قومی اسمبلی کے 70 اور سینیٹ کے 12 اراکین کی رکنیت معطل کی گئی۔ پنجاب اسمبلی کے 115،سندھ اسمبلی 40، کے پی کے اسمبلی 60 اور بلوچستان اسمبلی کے 21 ممبران کی رکنیت بھی معطل کردی گئی۔

وزیر قانون فروغ نسیم،وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر فواد چوہدری، وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری، وزیر مملکت زرتاج گل،پارلیمانی سیکرٹری وجہیہ اکرام اور فرخ حبیب سمیت راجا پرویز اشرف سینیٹر مصدق ملک،نجمہ حمید، پیر صابر شاہ ،میر حاصل بزنجو اور سینیٹر تاج محمد آفریدی کی رکنیت بھی رکنیت معطل کردی گئی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سالانہ گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کروانے تک پارلیمنٹرینز کی رکنیت معطل رہے گی۔ معطل شدہ پارلیمنٹرینز اسمبلی اجلاس اور قانون سازی میں حصہ نہیں لے سکتے۔ الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریز کو آگاہ کر دیا ہے۔

 

آئی ڈی: 2020/01/16/3427

متعلقہ خبریں

Leave a Comment