میجر جنرل بابر افتخار ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات


راولپنڈی: پاک فوج کے اعلی عہدوں میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار کو نیا ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات کر دیا گیا ہے۔ ان سے قبل میجر جنرل آصف غفور ڈی جی آئی ایس پی آر کے عہدے پر فائز تھے۔ میجر جنرل آصف غفور کو جی او سی 40 ڈویژن اوکاڑہ بنا دیا گیا ہے۔  ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پہ ترقی کے لئے کسی ڈویژن کی کمان کرنا ضروری ہوتا ہے اس لیے میجر جنرل آصف غفور کو پہلے جی او سی لگایا جائے گا۔ اس کے علاوہ جی او سی 40 انفنٹری ڈویژن میجر جنرل اظہر وقاص کو ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس  تعینات کر دیا گیا۔

نئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل افتخار بابر کا تعلق آرمڈ کور کی یونٹ 6 لانسر سے ہے۔ میجر جنرل بابر افتخار نے 1990 میں فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ میجر جنرل بابر افتخار کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے گریجویٹ ہیں۔ بابر افتخار نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور اردن کے رائل کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کے بھی گریجویٹ ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار دوران ملازمت کمانڈ اینڈ سٹاف پوزیشنز پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ بابر افتخار بریگیڈ میجر، انفنٹری کے بریگیڈیئراسٹاف کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔ میجر جنرل بابر افتخار نے آپریشن ضرب عضب کے دوران انفنٹری اورآرمڈ بریگیڈ کی کمانڈ کی۔ میجر جنرل بابرافتخار این ڈی یو اور پی ایم اے میں انسٹرکٹر کی خدمات بھی سرانجام دے چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق میجر جنرل آصف غفور  15 دسمبر 2016ء کو  ڈی جی آئی ایس پی آر کےعہدے پر فائز ہوئے۔ انہوں نے کوئٹہ کے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے گریجوایٹ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے کمانڈ اینڈ سٹاف  کالج، بنڈونگ، انڈونیشیا اور اسلام آباد کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے ڈگریاں حاصل کیں۔

میجر جنرل آصف غفور 9 ستمبر 1988ء کو پاک فوج کی شاخ 87 میڈیم رجمنٹ میں بھرتی ہوئے۔ 2008ء میں وہ باجوڑ میں طالبان کے خلاف محاذ میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔ 15 دسمبر 2016ء کو  اُنہیں میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کی عہدے پر مدت مکمل ہوجانے پر ڈائریکٹر جنرل شعبۂ بین الخدماتی تعلقاتِ عامہ پاک فوج مقرر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے آفیشل اکاونٹ سے کی جانے والی ٹوئیٹ کے مطابق میجر جنرل آصف غفور نے نئے ڈی جی آئی ایس پی آر کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بطور ڈی جی آئی ایس پی آر جن افراد کے ساتھ منسلک رہا ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میجر جنرل آصف غفور نے میڈیا کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم وطن پاکستانیوں کی بے لوث محبت پر بے حد مشکور ہوں۔

 

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی ٹوئیٹ
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی ٹوئیٹ
آئی ڈی: 2020/01/16/3456 

Leave A Reply

Your email address will not be published.