ملک میں پہلی بار شعبہ فن و ثقافت کے لئے سکالر شپ پروگرام کا آغاز

اسلام آباد: وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کےادارے نیشنل اینڈوومنٹ سکالرشپ فار ٹیلنٹ (نیسٹ) کے زیر اہتمام ملک میں پہلی بار فن، ثقافت، فلم، تھیٹر، ویڑوول آرٹس، سیرامکس اور ٹیکسٹائل ڈیزائن کے فروغ و ترویج کیلئے فن و ثقافت کی سکالرشپ کا اجراءکر دیا گیا ہے۔ اس سکالر شپ کیلئے روان برس سات کروڑ ستر لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔اس حوالے سے جمعرات کواسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اس سکالرشپ پروگرام کے تحت باصلاحیت اور ضرورتمند 400 طلبہ کو سکالرشپس مہیا کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ملک میں فن اور فنکاروں کی ترویج کیلئے یہ سکالرشپ اہمیت کا حامل ہے، انہوں نے کہا کہ کسی زمانے میں پاکستانی ڈرامے کی ہندوستان سمیت دنیا بھر میں دھوم تھی۔ ہماری خواہش ہے کہ اس سکالرشپ کے ذریعے ایسا ٹیلنٹ سامنے آئے جو ملک کا نام روشن کرے۔
وفاقی سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر ساجد یوسفزئی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس سکالرشپ پروگرام کے تحت ملک بھر کی پندرہ یونیورسٹیوں کا ڈگری دینے والے اداروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جبکہ جون کے آخر تک مستحق اور منتخب ہونے والے طلبہ میں سکالرشپس تقسیم کر دی جائیں گی۔
نیشنل انڈوومنٹ سکالرشپ فار ٹیلنٹ نے ملک میں پہلی بار فن و ثقافت کے شعبے کی ترقی کیلئے ان سکالرشپس کا آغاز کیا ہے۔ اس اقدام کو سراہتے ہوئے نیشنل کالج آف آرٹس کے پرنسپل ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری اور انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کلچر کی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ساجدہ ونڈل نے کہا کہ سکالرشپ کی رقم کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پچاس ہزار آمدن کی شرط کو بڑھایا جائے تاکہ بہت سے مستحق طلبہ اس سکالرشپ سے محروم نہ رہ جائیں۔

 

آئی ڈی: 2020/01/16/3387

متعلقہ خبریں

Leave a Comment