بنگلہ دیش مان گیا

روزینہ علی


بہت دن ہو گئے تھے موسم سے ہٹ کے کچھ اور اچھا سننے کو نہیں مل رہا تھا۔ بس اسی لیے ذرا لکھنے کا کام پیچھے ہی چھوڑ دیا تھا، اور پھر بہت دنوں سے دسمبر 2019 سے بڑی خبر کا انتظار تھا۔ دن رات کان ایک ہی بات پر لگے تھے کہ بنگلہ دیش نے پاکستان میں کھیلنے کی حامی بھر لی، پر 2019 الوداع کر گیا۔ نئے سال کے دن بھی پروان چڑھتے جا رہے تھے۔ سچ پوچھیں روز کی نئی خبروں کے ساتھ نا امیدی سی ہوگئی تھی کہ بنگلہ دیش نہیں آئے گا پاکستان!

دن گزرتے رہے، بنگلہ دیش اور پاکستان کی میٹنگز ہوتی رہیں، کبھی انکار کبھی اقرار کسی نٹ کھٹ حسینہ کی طرح بنگلہ دیش کے بھی ناز نخرے تھے، لیکن پھر اچھی خبر سننے کو مل گئی۔ پاکستان نے سب ناز نخرے سہتے ہوئے بندگلہ دیش کو منا ہی لیا۔

آپ سوچتے ہونگے سیدھی طرح ہی بات کیوں نہ بتائی میں نے خبر بتانے میں، آخر اتنی سطریں لکھنے کی کیا تک، تو بھئی خوشی کی بڑی خبر کو تھوڑا مزہ لے کر بتانا چاہیے۔

بات کر رہی تھی میں بنگلہ دیش کی آج شام ہی اچانک بنگلہ دیش نے حامی بھر لی، شیڈول طے ہو گیا، سب پڑھ کر دل تو بس گارڈن گارڈن ہو گیا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا جو شیڈول طے ہو گیا ہے اس کے مطابق سیریز میں شامل 3 ٹی ٹونٹی، ایک ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز پاکستان میں ہوں گے اور سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات کے دوران دی گئی۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی، پھر اس کے بعد مہمان ٹیم 7 سے11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ اتنا ہی نہیں اتنی جلدی بس۔۔ کیسے؟؟ پاکستان میں بنگلہ دیش کے لیے کرکٹ عشق کے امتحان اور بھی ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020  کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا اور دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل تک کراچی میں ہوگا۔ اس بڑی خوشخبری پر پورا پاکستان خوش ہے، بے حد خوش!

چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کو حتمی شکل دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ششانک منوہر کی معاونت کے مشکور ہیں۔ یعنی پاکستان کی محبت کے گلاب ششانک منوہر نے پیش کیے جسے پھر بنگلہ دیش انکار نہ کرسکا اور مان گیا۔

 وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا ہے کہ نئے شیڈول کی تیاری دونوں بورڈز کی جیت ہے۔ شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم تین مرتبہ پاکستان آئے گی۔ یہ اس بات کا ثبوت ہےکہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔

اس میں تو کوئی ذرا رتی برابر شک نہیں کہ پاکستان محفوظ پرامن محبت کرنے والا ملک ہے۔ اب جو بھی ہے بنگلہ دیش کی آمد نیک شگون ہے۔ پاکستان کی محبت اور امن کی جیت ہوگئی اب بس سب خوش آمدید کے لیے تیار ہو جائیں خوشیاں منائیں۔ اللہ پاک وطن کی خوشیوں کو بری نظر سے بچائے، آمین!

 

آئی ڈی: 2020/01/16/3522

Leave A Reply

Your email address will not be published.