مریم نواز کی درخواست پر وفاقی حکومت نے جواب جمع کروا دیا


لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی اورایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکلوانے کی درخواستوں پر وفاقی حکومت نے جواب جمع کرا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی جس میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔عدالت نے مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کے معاملے پر حکومت سے تحریری جواب طلب کیا تھا۔حکومت کی جانب سے تحریری جواب جمع کرانے کے بعد کیس کی سماعت فروری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی گئی ہے۔

وکیل مریم نواز نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ کی دو درخواستیں لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں، ایک پاسپورٹ واپسی اور دوسری نام ای سی ایل سے نکالنے کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کو مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر قانون کے مطابق سات دن میں فیصلہ کرنے کا کہا گیا تھا لیکن 4 ہفتوں تک فیصلہ نہیں کیا گیا۔ وکیل مریم نواز نے بتایا کہ وفاقی حکومت کا گزشتہ رات ایک لیٹر ملا ہے جس میں حکومت نے نام ای سی ایل سے نکالنے سے انکار کر دیا ہے۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارات ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

 

آئی ڈی: 2020/01/21/3830

Leave A Reply

Your email address will not be published.