چیف الیکشن کمشنر؛ سکندر سلطان راجہ کے نام کی منظوری

اسلام آباد: پارلیمانی کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے سکندر سلطان راجہ کے نام کی منظوری دے دی ہے۔  جبکہ ممبر سندھ اور بلوچستان کے لیے  بالترتیب نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی کا نام فائنل کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اپوزیشن اور حکومتی رہنماؤں میں اصولی اتفاق ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کی 13ویں بیٹھک کامیاب ہو گئی اور چیف الیکشن کمشنر، ممبر سندھ اور بلوچستان کے ناموں پر اتفاق ہوگیا۔ فیصلہ وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ہوا۔  اجلاس کے بعد کمیٹی چیئرپرسن نے ناموں کا اعلان کیا۔  صدر مملکت کی منظوری بعد وزارت پارلیمانی امور نوٹیفکیشن جاری کریگی جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر حلف اٹھائیں گے۔

واضح رہے  نامزد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سابق بیورو کریٹ ہیں اور مختلف حکومتوں میں سیکریٹری پیٹرولیم اور ریلویز سمیت کئی اہم ترین عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ سندھ سے ممبر الیکشن کمیشن نثار احمد درانی حیدر آباد سندھ ہائی کورٹ بار کے صدر  اور پاکستان بار کونسل کے ممبر اورسابق ایڈووکیٹ جنرل سندھ بھی رہ چکے ہیں۔بلوچستان سے کمیشن کے ممبر شاہ محمد جتوئی بلوچستان ہائی کورٹ بار کے صدر اور بلوچستان بار کونسل کے ممبر بھی ہیں۔

یاد رہے دونوں صوبوں کے الیکشن کمیشن ارکان 26 جنوری 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے۔ آئین کے مطابق 45 روز کے اندر ممبران کی تقرری ضروری ہے، لیکن حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلافات کی وجہ سے ایک سال بعد یہ تقرریاں عمل میں آئی ہیں۔

آئی ڈی: 2020/01/21/3824

متعلقہ خبریں

Leave a Comment