اسلام آباد پولیس نے یونیفارم کیمروں کا استعمال شروع کر دیا


اسلام آباد: اسلام آباد ناکے پر موجود اہلکاوں نے مکمل ٹریننگ کے بعد باقاعدہ طور پر کیمروں کا استعمال شروع کر دیا۔ آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کی وفاقی وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ سے ملاقات کی، جس میں ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید بھی موجود تھے۔ آئی جی اسلام آباد نے ناکہ جات پر مامور جوانوں کی وردی میں نصب کیے جانے والے ویڈیو کیمروں کے بارے میں بریف کیا۔

آئی جی اسلام آباد نے وفاقی وزیر داخلہ کو کیمروں کے فوائد کے بارے میں بتایا۔ وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کے اس اقدام کی تعریف کی۔ وردی پر نصب شدہ ویڈیو کیمرے اندھیرے میں بھی ویڈیو بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ نصب کیے گئے کیمرہ جات شہریوں اور ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار کے درمیان ہونے والی گفتگو ریکارڈ کریں گے۔ ناکہ جات پر ریکارڈ شدہ ویڈیو کا ریکارڈ روزانہ کی بنیاد پر زونل ایس پی کے دفتر میں  محفوظ رکھا جائے گا۔

ابتدائی طور پولیس نے اپنی مدد آپ کے تحت 10 کیمروں کی خریداری کی ہے۔ کیمرے ناکوں پر کھڑے پولیس اہلکاروں کے یونیفارم پر نصب کئے گئے ہیں۔ یہ کیمرے جدید ترین ٹیکنالوجی سے منسلک ہوں گے، جو جلد ضلع بھر کے تمام ناکہ جات پر کیمرے فراہم کر دئیے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں گشت پر مامور اہلکاروں اور تھانوں کی سطح پر ڈیوٹی آفیسر کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ مستقبل میں ان کیمروں سے لاء اینڈ آرڈر جیسے موقعوں پر بھی مدد حاصل کی جاسکے گی۔ کمیروں کو سیف سٹی پراجیکٹ کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔ 

ناکوں پر کھڑے پولیس اہلکاروں اور اور شہریوں کے درمیان گفتگو کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔ ویڈیو کیمرے نصب کرنے سے شہریوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے کی جانے والی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے گا۔

 

آئی ڈی: 2020/01/23/4005

Leave A Reply

Your email address will not be published.