شبر زیدی نے ایک ماہ کے اندر دوسری مرتبہ چھٹی کے لیے درخواست دے دی

اسلام آباد :چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی نے ایک ماہ کے اندر دوسری مرتبہ چھٹی کے لیے درخواست دے دی۔

انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر نے بیماری کے سبب چھٹی کے لیے درخواست دے دی ہے اور ان کی چھٹی آئندہ ہفتے پیر سے شروع ہو گی۔ مزید برآں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ان کی چھٹی کی معیاد کا انحصار ڈاکٹر  کی رپورٹ پر ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی پچھلے کچھ دن سے کام اور بیماری کی وجہ سے سے دباو کا شکار تھے۔

واضح رہے رواں ہفتے بدھ کے روز ان سمیت ایف بی آر کے دیگر افسران کی سپریم کورٹ میں جعلی ریفنڈ کیس میں سرزنش بھی کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر سیٹ پر مزید کام نہیں کرنا چاہتے اور اس مرتبہ ان کی واپسی مشکل ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی اپنے استعفی کے حوالے سے گو مگو کی صورتحال کا شکار

دوسری جانب ایف بی آر کے متعدد سینئر افسران چیئرمین ایف بی آر بننے کے لیے لابنگ میں مصروف ہیں۔ اس سے قبل شبر زیدی کی غیر حاضری میں انکم ٹیکس کی سینئر افسر اور ممبر ایڈمن نوشین امجد کو عارضی چیئرمین تعینات کیا گیا تھا۔ ایف بی آر کے افسران نے وزیر اعظم ہاوس کو بھجوائی گئی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایف بی آر کا چیئرمین باہر سے تعینات کرنے کی بجائے اندر سے ہی لگایا جائے۔ اس حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ اگر انکم ٹیکس کے افسر کو چیئرمین تعینات کیا جاتا ہے تو ریونیو کی صورتحال مزید بہتر ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب شبر زیدی نے کسٹمز کی فیلڈ سے آنے والی کرپشن رپورٹس پر بھی خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ شبر زیدی نے چھٹی پر جانے کی خبر کی تصدیق کرتے ہئے کہا کہ ان کی طبیعت نہیں ہے۔مزید برآں ان کی جانب سے لی جانے والی رخصت کی معیاد کا انحصار ڈاکٹر کی رپورٹ پر ہو گا۔ انہوں نے اپنے استعفے کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں کی تردید بھی کر دی ہے۔

یاد رہے اس سے قبل بھی شبر زیدی ایک دفعہ رخصت پر جا چکے ہیں۔ اس رخصت کی وجہ سے ایسی  خبریں سامنے آئی تھیں کہ شبر زیدی اور وزارت خزانہ میں اختلافات کی وجہ سے شبر زیدی رخصت پر جا رہے ہیں۔

 

آئی ڈی: 2020/01/30/4474

متعلقہ خبریں

Leave a Comment