بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی

اسلام آباد: راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی رونقیں ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ سے بحال ہونگی۔ 7 فروری کو شروع ہونے والی ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ مہمان ٹیم بنگلہ دیش اور قومی کرکٹ ٹیم کے آج کے پریکٹس سیشنز معطل کیے گئے ہیں تاہم دونوں ٹیموں کی آج اہم میٹنگز ہونگی جن میں میچ کے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ جمعہ سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں رچی رچرڈسن میچ ریفری جبکہ نائجل لونگ اور کرس گیفنی آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور ماریز ایریزمیس ٹی وی امپائر اور شوزب رضا فورتھ امپائر ہوں گے۔

ریفری کی ذمہ داریاں نبھانے والے رچی رچرڈسن دوسری مرتبہ پاکستان آرہے ہیں۔ اس سے قبل رچی رچرڈسن  2017 میں آئی سی سی ورلڈالیون ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کےدورہ پاکستان کے دوران میچ ریفری کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ اور سابق ویسٹ انڈین کرکٹر رچی رچرڈسن بطور کرکٹر 1985 سے 1996 کے دوران پاکستان میں 21 ایک روزہ میچز اور 6ٹیسٹ میچز بھی کھیل چکے ہیں۔

کرس گیفنی اور ماریز ایریزمس پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہےہیں ۔جبکہ نائجل لونگ ا س سے قبل بھی پاکستان میں 6 ایک روزہ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

تاہم نائجل لونگ کا راولپنڈی میں امپائرنگ کا یہ پہلاتجربہ ہوگا۔ نائجل لونگ اس سے قبل پاکستان کے تین مختلف شہروں  کراچی  لاہور اور ملتان میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔ نائجل لونگ نے آخری مرتبہ پاکستان میں 2009 میں سری لنکا سیریز میں آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں تھیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو شروع ہوگا۔ 7سے 11 فروری تک ٹیسٹ کا پہلا مرحلہ جاری رہے گا۔ جبکہ پاکستان بنگلہ دیش ٹیسٹ کی ٹرافی  رونمائی تقریب کل ہوگی۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی پری سیریز میڈیا کانفرنس ہوگی اور دونوں کپتان سیریز کی ٹرافی کے فوٹو شوٹ میں بھی شریک ہونگے۔

 

آئی ڈی: 2020/02/05/4633

متعلقہ خبریں

Leave a Comment