نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب مسافر گاڑی کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ اورفتح جنگ، قطبال ٹول پلازہ کے قریب ہائی ایس اور ڈمپر کے درمیان خطرناک تصادم پیش آیا ہے ، جس میں5 افراد جاں بحق اور 11 شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ڈمپر اور ہائی ایس کے درمیان تصادم کی صورت میں پیش آیا، ڈمپر ڈرائیور کی غفلت اور غلط کراسنگ کی وجہ سے ڈمپر سامنے سے آنے والی ہائی ایس پر چڑھ دوڑا جس کے نتیجے میں ہائی ایس ڈرائیور سمیت 5 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 11 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کی ایمبولینس فوراً موقع پر پہنچ گئیں۔ طبی امداد دینے کے بعد زخمیوں اور لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فتح جنگ منتقل کر دیا جہاں ڈاکٹروں نے 5 زخمیوں کو ریسکیو 1122 کی ایمبولینس میں راولپنڈی ریفر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ہائی ایس راولپنڈی سے پنڈی گھیب جا رہی تھی جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق پنڈی گھیب سے ہے۔ ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
یاد رہے راولپنڈی ترنول سے فتح جنگ سنگل روڈ ہونے کی وجہ سے آئے دن حادثات رونما ہونا معمول بن گیا ہے۔ ان حادثات میں کئی افراد اپنی جان کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔ اہل علاقہ ارباب اختیار سے ترنول سے فتح جنگ کے درمیان دو رویہ سڑک کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔

 

آئی ڈی: 2020/02/15/5157

متعلقہ خبریں

Leave a Comment