پنجاب الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز 6 ماہ سے مدت ملازمت میں توسیع اور تنخواہوں کے منتظر

Department of Health, Punjab

لاہور: پنجاب بھر کے ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز میں تعینات الائیڈ  ہیلتھ  پروفیشنلز پچھلے 6 ماہ سے مدت ملازمت میں توسیع اور تنخواہوں سے محروم ہیں۔ محکمہ ہیلتھ پنجاب کی بیوروکریسی نے غیریقینی کی فضا  قائم کر کے ان ہیلتھ پروفیشنلز کا مستقبل داو پر لگا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے الائیڈ اسپتالوں ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز میں اڑھائی سال پہلے 2017 میں پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ 17 کے ٹیکنالوجسٹ اور تھیراپسٹس کی بھرتیاں کی گئیں۔ دو سال کا کنٹریکٹ پورا ہونے کے بعد ادارے نے ہیلتھ  پروفیشنلز کو 1 سال کی  ایکسٹینشن کے لیے اپلائی کرنے کو کہا۔ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کیسز موصول ہونے کے بعد انتظامیہ نے کچھ ہیلتھ پروفیشنلز کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع کر دی جبکہ متعدد ہیلتھ پروفیشنلز کو تاحال یہ ایکسٹینشن نہیں ملی۔  یہ پروفیشنلز ایکسٹینشن اپلائی کرنے کے 6 ماہ بعد بھی اپنی مدت ملازمت میں توسیع کے کنٹریکٹ کے منتظر ہیں، جبکہ 22 فروری کو ملازمت میں مزید توسیع کیلئے اپلائی کرنے کا وقت بھی ختم ہو رہا ہے، جس کے باعث ہیلتھ پروفیشنلز کا مستقبل داو پر لگ جائے گا۔

ذرائع کےمطابق متاثرہ ہیلتھ پروفیشنلز کو انتظامیہ کی جانب سے یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ کنٹریکٹ لیٹرز ایک میٹنگ کے بعد ملیں گے۔ اس ضمن میں خبرنامے کی جانب سے اس صورتحال پر مزید جانچ پڑتال کرنے کے بعد یہ انکشاف ہوا ہے کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اب بھی کچھ آفیسرز کے لیٹرز جاری کر رہا ہے جبکہ باقی آفیسرز کے کیسز کو غیر ضروری دفتری معاملات کا بہانہ بنا کر معاملہ پیچیدہ بنایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب متاثرہ ہیلتھ آفیسرز کا کہنا ہے کہ جن آفیسرز کی مدت ملازمت میں توسیع کی گئی ان کیلئے کوئی میٹنگ نہیں بلائی گئی۔ ہمارے کیس کو میٹنگ سے کیوں مشروط کیا جا رہا ہے؟ ذرائع کے مطابق ہیلتھ پروفیشنلز کی مدت ملازمت میں توسیع کی فائلز ایڈینشنل سیکرٹری ، ڈپٹی سیکرٹری اور اسپیشل سیکرٹری کےگرد گھوم رہی ہیں اور ان دفاتر سے آفیسرز کو خاطر خواہ جواب نہیں مل رہا۔

واضح رہے ان آفیسرز کی توسیع فروری کی 22 تاریخ کو ختم ہو جائے گی جبکہ اگلی توسیع کے لیے پچھلی توسیع کا لیٹر کاغذات کے ساتھ لف کرنا ضروری ہے۔ پہلے لیٹرز موصول نہ ہونے کی صورت میں اگلی توسیع ممکن نہیں۔

یاد رہے 22 فروری کے بعد ملازمت میں توسیع کا دور ختم ہو جائے گا جس کے بعد ان ہیلتھ پروفیشنلز کو نئی نوکریوں کیلئے اپلائی کرنا ہو گا اور اس کیلئے انہیں گزشتہ ملازمت میں توسیع کا سرٹیفیکٹ درکار ہے جس کے بغیر یہ آگے کسی بھی نوکری کیلئے اپلائی نہیں کر سکتے۔

 

آئی ڈی: 2020/02/16/5197

متعلقہ خبریں

Leave a Comment