ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس وین کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید

ڈیرہ اسمٰعیل خان : صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس وین کے قریب امپرووائزڈ ایکسپلوزو ڈیوائس (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) واحد محمود نے بتایا کہ کلاچی کے علاقے میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا صبح تقریباً 7 بجکر 50 منٹ کے قریب ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں جس پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا وہ پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور تھی۔ ڈی پی او کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واحد محمود کے مطابق واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

یہاں یہ مدنظر رہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پولیو ورکرز پر حملے عام ہیں اور یہ ملک سے پولیو کے خاتمے میں بڑی رکاوٹوں میں سے ایک ہے۔ رواں سال کے پہلے ماہ میں خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں بھی پولیو ٹیم کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں 2 پولیو ورکرز کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ یہی نہیں بلکہ گزشتہ برس خیبرپختونخوا میں پولیو ورکرز پر حملوں کے باعث سیکیورٹی کو بھی ریڈ الرٹ کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب یہ بات بھی یاد رہے کہ اس وقت ملک بھر میں رواں سال کی پہلی 5 روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے، جس کا مقصد 3 کروڑ 96 لاکھ بچوں کو پولیو کی ویکسین پلانا ہے، اس سلسلے میں 2 لاکھ 65 ہزار پولیو ورکرز گھر، گھر جا کر 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو ویکسینیٹ کریں گے۔ کچھ روز قبل قومی ادارہ صحت نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے پولیو کے مزید 5 کیسز کی تصدیق کی تھی جس کے بعد رواں سال کے کیسز کی تعداد 17 ہوگئی جبکہ گزشتہ برس یہ تعداد 144 تھی، اس کے مقابلے میں 2018 میں یہ 12 اور 2017 میں 8 تھی۔

 

آئی ڈی: 2020/02/18/5245

متعلقہ خبریں

Leave a Comment