واٹس ایپ ڈارک موڈ؛ صارفین کا اب تک کا ’سب سے بڑا مطالبہ‘ پورا کر دیا گیا

Whatsapp-Dark Mode

واٹس ایپ نے اپنے صارفین کا اب تک کا سب سے بڑا مطالبہ پورا کرتے ہوئے 2020 کا پہلا بڑا فیچر ڈارک موڈ کی شکل میں تمام صارفین کے لیے متعارف کروا دیا ہے۔ یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس بیٹا ورژن میں جنوری سے موجود تھا اور اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ یہ آئی فون اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ یہ وہ فیچر ہے جس کا صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ مطالبہ کیا جارہا تھا۔

واٹس ایپ کی زیرملکیت کمپنی نے 2018 میں اسے جلد پیش کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اب 2 سال بعد جاکر یہ صارفین کو دستیاب ہوا جس کا بیشتر افراد بے صبری سے انتظار بھی کررہے تھے۔ یہ فیچر منگل کی رات سے صارفین کے لیے پیش ہوا ہے اور آئندہ چند روز میں تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

کمپنی کے مطابق واٹس ایپ کا ڈراک موڈ کم روشنی والے ماحول میں آنکھوں پر تناﺅ کو کم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جبکہ ایسی صورتحال سے بچانا ہے جہاں آپ کا فون کمرے کو روشن کردیا ہے۔ کمپنی نے اس کا ذکر تو نہیں کیا مگر ڈارک موڈ سے بیٹری لائف میں بھی بہتری آتی ہے کیونکہ گہرے رنگت پر ایپ کو ڈسپلے سے کم توانائی درکار ہوتی ہے۔

آئی فون میں ڈارک موڈ اسی صورت میں صارفین کو دستیاب ہوگا اگر ان کی ڈیوائس آئی او ایس 13 پر کام کررہی ہوگی۔ اسی طرح اینڈرائیڈ 10 پر چلنے والے فونز میں اگر سسٹم تھیم ڈارک ہو تو واٹس ایپ میں بھی اس کا اطلاق ہوجائے گا۔ اینڈرائیڈ 9 اور اس سے پہلے کے ورژنز میں سیٹنگز میں جاکر چیٹ اور وہاں ڈارک تھیم کے آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا، اگر وہ ابھی دستیاب نہیں تو چند دنوں بعد آپ اسے استعمال کرسکیں گے۔

اس سے قبل یوٹیوب، فیس بک میسنجر اور دیگر متعدد ایپس میں ڈارک موڈ کو متعارف کرایا جاچکا ہے مگر فیس بک کی مین ایپ میں تاحال یہ فیچر موجود نہیں اور گزشتہ دنوں فیس بک لائٹ میں اس کی آزمائش شروع ہوئی۔

 

آئی ڈی: 2020/03/04/5952

متعلقہ خبریں

Leave a Comment