فیروز خان کا شوبز چھوڑنے کا اعلان


ٹیلی ویژن کے معروف اداکار فیروز خان نے شوبز چھوڑ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اداکار کے شوبز چھوڑنے کی افواہیں اس وقت گرم ہوئیں جب انہوں نے اپنا انسٹا گرام اکاونٹ غیر فعال کر دیا۔ علاوہ ازیں گزشتہ کئی ہفتوں سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ فیروز خان نے شوبز کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا اور وہ جلد ہی اس حوالے سے اعلان بھی کریں گے۔ میڈیا پر ایسی خبریں بھی گردش کر رہی تھیں کہ فیروز خان حال ہی میں مذہب کی طرف راغب ہونے والی گلوکارہ رابی پیرزادہ اور حمزہ علی عباسی کی طرح شوبز چھوڑ دیں گے اور وہ اس حوالے سے جلد اعلان بھی کریں گے۔

Feroze Khan-Maulana Tariq Jameel

اور اب انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعے شوبز چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کی زندگی کا مقصد مذہب کی تعلیم پھیلانا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ انہیں معلوم ہے کہ مداح ان کے جواب کے منتظر تھے اور اب وہ مداحوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ان کے لیے دعا کریں۔

فیروز خان نے مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ انہوں نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا ہے اور اب وہ مذکورہ پلیٹ فارم کو مذہبی تعلیمات کے پھیلاؤ کے لیے استعمال کریں گے۔

فیروز خان نے 2014 کے بعد اداکاری کی شروعات کی اور انہوں نے اب تک ایک درجن تک ڈراموں میں کام کیا، ان کے مقبول ڈراموں میں ’گل رعنا، چپ رہو، تم سے مل کے، وہ ایک پل اور دل کیا کرے‘ شامل ہیں۔

فیروز خان نے ایک انٹرویو میں شوبز اور مذہب میں تصادم کے حوالے سے بات کی تھی اور اعتراف کیا کہ انہیں بعض مرتبہ یہ خیال آتا ہے کہ شوبز انڈسٹری اور مذہب میں تصادم ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ جب تک ان کے نصیب میں شوبز انڈسٹری میں کام کرنا لکھا ہوا ہے، وہ اس انڈسٹری کا حصہ ہیں گے اور جس دن ان کی قسمت سے متعلق دوسرا فیصلہ ہوگیا تو وہ اسی پر عمل کریں گے۔

 

آئی ڈی: 2020/03/07/6051

Leave A Reply

Your email address will not be published.