دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز

چین سے نکلنے والے کورونا وائرس نے دنیا کو خوف میں مبتلا کر رکھا ہے۔ صحت کے عالمی اداروں کی جانب سے ایک محتاط اندازے کے مطابق وائرس سے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز ہوگئی ہے۔ دوسری جانب کورونا وائرس کے مرکز چین میں متاثرہ افراد کی تعداد کم ہوتی جا رہی ہے۔ یہ وائرس دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے پھیلنا شروع ہوا۔ اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 347 افراد اس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اس وائرس سے 3405 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

چین میں 80 ہزار سے زائد افراد میں اس وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی جبکہ 3045 ہلاکتیں ہوئیں۔ چین میں اب تک 53 ہزار 726 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 23 ہزار 676 افراد تا حال اس انفیکشن سے متاثر ہیں۔ 29 فروری سے چین میں کورونا وائرس کے حوالے سے اہم موڑ اس وقت سامنے آیا تھا جب چین میں نئے کیسز کی تعداد کم اور صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد زیادہ ہونے لگی تھی۔ دنیا بھر میں اب تک 55 ہزار افراد (یعنی 55 فیصد) اس وائرس سے متاثر ہونے کے بعد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

رواں ہفتے یعنی 2 مارچ کو چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے ترجمان می فینگ نے پریس بریفننگ میں بتایا ‘ووہان میں وائرس کے کیسز کی تیزی سے بڑھتی تعداد کے رجحان کو کنٹرول کر لیا گیا ہے۔ ووہان سے باہر صوبہ ہوبے میں وبا کو قابو کرلیا گیا ہے جبکہ ہوبے سے باہر دیگر صوبوں میں مثبت رجحان نظر آیا ہے’۔

چین کے بعد دوسرا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک جنوبی کوریا ہے جہاں 6 ہزار 593 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 42 اور 135 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ تیسرا بڑا ملک ایران ہے جہاں 4747 مصدقہ کیسز، 124 اموات اور 913 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں اب تک کورونا کے 6 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ایک مریض صحت یاب ہو چکا ہے، جس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

آئی ڈی: 2020/03/07/6071

اپنا تبصرہ بھیجیں