تیز ہواوَں کے ساتھ طوفانی بارشیں ایک بار پھر ہوں گی


اسلام آباد: بارشوں کا ایک اور سلسلہ ملک میں کل سے داخل ہوگا۔  محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے اور بتایا ہے کہ بارشوں کا طاقتور مغربی سسٹم ملک میں منگل کی شام داخل ہوگا۔

بارشوں کے نئے سلسلے میں پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر ،گلگت بلتستان ،اسلام آباد میں بدھ سے جمعہ تک مزید بارشیں ہونگی۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔  کوئٹہ، ژوب، پشین، ہرنائی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، پنجگور، زیارت، قلات مستونگ میں کل منگل سے شدید طوفانی بارشوں کا امکان ہے اور بارشوں کا سلسلہ ان علاقوں میں جمعرات تک جاری رہے گا۔

سکھر لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، اور شہید بے نظیر آباد میں کل شام اور بدھ کے روز تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کراچی سمیت زیریں سندھ کے علاقوں میں مٹی کے طوفان کا امکان ہے، کشمیر، دیر، سوات ،شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان ،اسلام آباد،راولپنڈی، گجرات، گوجرنوالہ، لاہور ،سرگودھا ،ڈیرہ غازی خان، اور فیصل آباد میں بدھ اور جمعرات کو تیز طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ تیز طوفانی بارشوں کے باعثِ خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان ،کشمیر کے علاقوں میں سیلابی صورتحال ہو سکتی ہے۔  پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے بھی خدشات ہیں۔ شدید طوفانی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

آئی ڈی: 2020/03/09/6091

Leave A Reply

Your email address will not be published.