کورونا وائرس: دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار ہو گئی

Corona Virus-Covid-19

اسلام آباد: کورونا وائرس کا دائرہ کار 112 ممالک تک پھیل چکا ہے جبکہ دنیا بھر میں اس سے ہونے والی  ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار ہو گئی ہے۔114،000 سے زائد افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔ دوسری طرف دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ 63 ہزار مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

چین، ایران اور کوریا کے بعد سب سے زیادہ بری طرح متاثر ہونے والے ملک اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 463 ہوگئی۔ اسپین میں 30 افراد کورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اطالوی وزیراعظم نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور اٹلی میں عوامی اجتماعات اور سفرپر پابندی لگا دی گئی۔ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اٹلی کی ایک کروڑ 60 لاکھ کی آبادی پر مشتمل 11 صوبوں میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے باعث ایران میں اب تک 237 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ایران نے 70،000 قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔

امریکہ میں وائرس سے 22 افراد ہلاک اور متاثرہ افراد کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جاپان میں بھی ایک شخص اس مرض کے باعث ہلاک ہو چکا ہے۔ افغانستان میں 4 ، مالدیپ میں  2  بنگلہ دیش میں3 جبکہ سری لنکا، بھوٹان، نیپال میں ایک ایک کیس کی تصدیق کی کی گئی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں سنٹرل بورڈ کے امتحانات میں طالب علموں کو ماسک پہن کر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کورونا وائرس کی روک کے لئے عالمی ادارہ صحت کو ایک کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

 

آئی ڈی: 2020/03/10/6131

متعلقہ خبریں

Leave a Comment