کراچی میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی


کراچی: سندھ کی وزیر صحت عذرا افضل نے صوبے میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی جہاں کراچی میں وائرس سے متاثرہ شخص انتقال کرگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج  77 سالہ مریض کورونا وائرس  کے باعث گزشتہ رات انتقال کر گیا۔ یہ کورونا وائرس کے باعث سندھ میں ہونے والی پہلی ہلاکت ہے۔  صوبائی وزیر صحت عذرا افضل نے بتایا کہ متاثرہ شخص کینسر کا مریض تھا جب کہ اسے شوگر اور بلڈپریشر کا عارضہ  بھی لاحق تھا جس سے اس کی صحت پہلے ہی بہت خراب تھی۔

پنجاب کی صورتحال

آج پنجاب میں  کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے بھر میں مریضوں کی تعداد 80 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں  467 مریضوں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 357 افراد میں کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی جب کہ 80 افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور 30 مریضوں کی رپورٹس کے نتائج آنا باقی ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب نے بتایا کہ لاہور میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 15 ہے جب کہ راولپنڈی میں بھی کورونا کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے۔

صوبہ سندھ کی صورتحال

صوبہ سندھ میں جمعرات کو مزید 37، پنجاب میں 45، بلوچستان میں 58، خیبر پختونخوا میں 4 اور گلگت میں 8 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔ سندھ حکومت کے مطابق اس وقت صوبے میں کورونا وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 238 ہے۔سندھ حکومت کے حکام کا بتانا ہےکہ سکھر میں اب تک مجموعی طور پر 302 زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 151 کا نتیجہ مثبت اور 151 کا منفی آیا جب کہ ایک کیس کو دوبارہ ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔ سندھ حکومت کے مطابق اس کے علاوہ 87 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور 3 صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 84 مریض زیر علاج ہیں۔

سندھ میں تین افراد صحت یاب

ترجمان نے بتایا کہ اب تک سکھر میں 151، کراچی میں 93 اور حیدرآباد میں کورونا وائرس کا ایک کیس ہے۔ محکمہ صحت حکام کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔ سندھ میں سے 19 مارچ سے سرکاری دفاتر کو بند کردیا گیا ہے 18 مارچ سے شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور تفریحی مقامات کو 15 روز کے لیے بند کردیا گیا۔

بلوچستان کی صورتحال

بلوچستان میں کورونا وائرس کے جمعرات کو مزید 58 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 81 ہو گئی ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کورونا وائرس کے 58 نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں اب تک 81 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

خیبر پختونخوا کی صورتحال

خیبرپختون خوا میں جمعرات کو مزید 4 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔

گلگت بلتستان کی صورتحال

گلگت بلتستان میں جمعرات کو مزید 8 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 21 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد کی صورتحال

اسلام آباد میں جمعرات کے روز 4 نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے کیسز کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر میں ایک کیس

ڈپٹی کمشنر میر پور آزاد کشمیر نے گزشتہ روز ایک شخص کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔ ڈی سی میر پور کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص 14 دن قبل ایران سے تفتان آیا تھا، متاثرہ شخص کو 4 دن سے میر پور آئسولیشن وارڈ میں رکھا ہواتھا۔

Corona-19 March-Stats
آئی ڈی: 2020/03/20/6608

Leave A Reply

Your email address will not be published.