قومی ہیرو ڈاکٹر اسامہ کو سپرد خاک کر دیا گیا


گلگت: کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے خود اس کا شکار ہونے  والے ڈاکٹر اسامہ کی نماز جنازہ گلگت میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں صوبائی وزیر بلدیات رانا فرمان علی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
واضح رہے گزشتہ روز محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان نے کوروناوائرس کا علاج کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔ ترجمان گلگت بلتستان حکومت کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ نہایت ہی افسوس کے ساتھ محکمہ صحت گلگت بلتستان اس بات کی تصدیق کررہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض جام شہادت نوش کر گئے ہیں ۔شہید کو قومی ہیرو کا درجہ دیا جائے گا۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ ڈاکٹراسامہ کے جاں بحق ہونے پر افسوس ہے۔ ڈاکٹراسامہ 2 دن سے وینٹی لیٹرپر تھے اور آج وہ اللہ کو پیارے ہوگئے۔


اپنا تبصرہ بھیجیں